پاکستان کے ملائشیا، اردن اور ویت نام کے ساتھ گہرے تعلقات میں مزید اضافے کا خواہاں ہے

تاکہ اِن ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو وسعت دی جا سکے صدر مملکت ممنون حسین کی ملائیشیا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر، ویت نام کے سبکدوش ہونے والے سفیر اور پاکستان کے اردن میں نامزد سفیر سے گفتگو

جمعہ 20 اکتوبر 2017 16:45

پاکستان کے ملائشیا، اردن اور ویت نام کے ساتھ گہرے تعلقات میں مزید اضافے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے ملائشیا، اردن اور ویت نام کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں اور پاکستان ان تعلقات میں مزید اضافے کا خواہاں ہے تاکہ اِن ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو وسعت دی جا سکے۔ ایوان صدر سے جمعہ کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ بات انہوں نے ملائیشیا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر ڈاکٹر حسرالثانی بن مجتبار، ویت نام کے سبکدوش ہونے والے سفیر نگوین ڑوین لو اور پاکستان کے اردن میں نامزد سفیرسے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملائیشیا نے مختلف شعبوں میں شاندار ترقی کی ہے جو دیگر ممالک کے لئے مثال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا ایک دوسرے کے قریب ہیں۔ ہماری دوستی مشترکہ عقائد، ورثے اور تاریخ پر مبنی ہے۔ صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملائشیا کے پاکستان کے لئے نئے ہائی کمشنر بھی سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر حثر الثانی بن مجتبار کی طرح دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سبکدوش ہونے والے ملائیشیا کے ہائی کمشنر بھی اپنے وطن میں پاک ملائیشیا تعلقات میں وسعت کے لئے کوشش جاری رکھیں گے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ ملائیشیا پاکستان کی سستی اور معیاری مصنوعات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اس طرح دونوں ملکوں کے تعلیمی اداروں کے درمیان بھی قریبی تعلقات ہونے چاہئیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ویتنام کے سبکدوش ہونے والے سفیر نگوین ڑوین لو نے پاکستا ن میں بہترین خدمات سر انجام دی ہیں۔

صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ ویتنام کے سبکدوش ہونے والے سفیر پاکستان سے خوشگوار یادیں لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویتنام اپنے افسران کی تربیت کے لئے پاکستان کے تربیتی اداروں سے مستفید ہو سکتا ہے۔ صدر مملکت سے پاکستان کے اردن میں نامزدہونے والے سفیر میجر جنرل (ر) جنید رحمت نے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک اردن تعلقات میں مزید وسعت کے لئے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ میجر جنرل (ر) جنید رحمت نئی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو اردن میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کرنے بھی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :