پشاور زلمی کا چین کے دو کرکٹرز کو پی ایس ایل تھری میں ٹیم میں شامل کرنے کا اعلان

عظیم دوست ملک چین کے ساتھ کھیلوں کے روابط سے دونوں ملکوں کے عوام مزید قریب آئیں گے ،ْجاوید آفریدی

جمعہ 20 اکتوبر 2017 16:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں 2 چینی کرکٹرز کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کردیا۔ اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے میں تقریب منعقد کی گئی جس میں چین کے سابق سفیر چن زیانگ زنگ، چین کرکٹ ٹیم کے کوچ یی تیان، چین کے کرکٹرز جیان لی اور یوفی زانگ نے خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے چین کے 2 انٹرنیشنل کرکٹرز کو پی ایس ایل تھری میں پشاور زلمی کے اسکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عظیم دوست ملک چین کے ساتھ کھیلوں کے روابط سے دونوں ملکوں کے عوام مزید قریب آئیں گے۔ٹیم میں شامل کیے جانے والے چینی کرکٹرز جیان لی اور یوفی زانگ نے کہا کہ وہ پشاور زلمی کے اسکواڈ میں شامل ہونے پر بہت پرجوش ہیں اور امید ہے کہ انہیں ٹیم سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔