مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے بال کاٹنا بھارتی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے‘امیر جماعت اسلامی ضلع کوٹلی

جمعہ 20 اکتوبر 2017 16:33

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) جماعت اسلامی ضلع کوٹلی کے امیر زاہد الحسن چوہدری ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے بال کاٹنا بھارتی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بھارت میدان میں جنگ ہار کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔ آزادی کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے۔ کشمیر کی مکمل آزاد ی تک جماعت اسلامی جدوجہد جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار نے گزشتہ روز جماعت اسلامی تحصیل نکیال کے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس سے نومنتخب امیر حلقہ سردار شوکت صدیقی، جنرل سیکرٹری حلقہ حاجی محمد بوستان چوہدری، سردار ارشد محمود ایڈووکیٹ، صوبیدار محمد تاج اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ امیر ضلع نے مزید کہا کہ بھارت کشمیری مسلمانوں پر ظلم کے تمام حربے آزما چکا ہے لیکن کشمیریوں کے حوصلے کبھی پست نہیں ہوئے۔ عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور بھارتی ظلم وستم بند کروائے۔