عزت اور روزی چھیننے کے دعوے دار عقل کے اندھے ہیں، جتنی مرضی کردارکشی کرلیں مافیا کے سامنے بلیک میل نہیں ہونگا

ایس ایس پی کوٹلی چوہدری ذوالقرنین سرفراز کی صحافیوں سے بات چیت

جمعہ 20 اکتوبر 2017 16:33

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء)ایس ایس پی کوٹلی چوہدری ذوالقرنین سرفراز نے کہا ہے کہ عزت اور روزی چھیننے کے دعوے دار عقل کے اندھے ہیں، جتنی مرضی کردارکشی کرلیں مافیا کے سامنے بلیک میل نہیں ہونگا۔ٹاؤٹوں نے پولیس کا پورا نظام یرغمال بنا رکھا ہے،بد بخت اور بدکردار لوگ گھر کا چولہا جلانے کے لیے کبھی ایک کیس پکڑتے ہیں تو کبھی دوسرا،حرام کمائی ایسے لوگوں کو ٹکنے نہیں دیتی۔

میرا اصول ہے ہر کام قانون کے مطابق کرتا ہوں، سفارش اور دھونس جمانے والے میرے در سے آج مایوس لوٹ رہے ہیںاورکل بھی ’’نامراد‘‘ ہی لوٹیں گے۔ کوٹلی کے تمام تھانوں میں ’’ٹاؤٹوں‘‘کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے،سائل اکیلا تھانے میں جائے اگر پولیس تعاون نہیں کرتی تو میرے پاس آئے ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جرائم پیشہ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کیا ہواپس پردہ کردار’’تنگ‘‘ہوگئے، میرے بارے میں کوئی کیا کہتا ہے،کیا لکھتا ہے مجھے فرق نہیں پڑتا ،اپنا کام جاری رکھوں گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے آفس میں ملاقات کے لیے آئے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اُن کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاران دن رات اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں ،ہمارا کام لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے ، لوگ ہم سے انصاف کی توقع رکھتے ہیں ایسے میں ہماری ذمہ داری اور بڑھ جاتی ہے کہ لوگوں کی توقعات پر 100فیصد نہ سہی 80فیصد تو پورا اُتریں۔

میں نے اپنے پولیس ملازمین کی اچھے کام پر حوصلہ افزائی کی اور کمی کوتاہی پر سزا جزا کے عمل سے بھی گزارا۔اُنھوں نے کہا کہ میں محسوس کررہا ہوں کوٹلی میں ٹاؤٹوں کی بڑی تعداد موجود ہے جوگھر کا چولہا جلانے کے لیے صبح ایک کیس پکڑتے ہیں تو شام کو دوسرا لیکر پولیس کے پاس پہنچ جاتے ہیںاور یہ لوگ پولیس کے نام پر نہ صرف خود پیسہ کھاتے ہیں بلکہ اہلکاران کی جیب گرم کرکے انھیں بھی شرک جرم بناتے ہیں ، ایسے لوگوں کی بے قرار طبیعت کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ حرام کی کمائی انھیں ٹکنے نہیں دیتی۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ میں نے ضلع بھر کے تھانوں میں ’’ٹاؤٹوں‘‘کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان پیدا ہونے والی خلیج کو کم کیا جائے جو اپنے مفادات کے حصول کے لیے ان ٹاؤٹوں نے ڈال رکھی ہے۔اُنھوں نے کہا کہ موت ،زندگی اور روزی سمیت تمام نعمتیں اللہ کی طرف سے ہیں اور اس بات پر میرا کامل یقین ہے کوئی اگر مجھے گالیاں دیکر، دھونس جما کر اور بلیک میل کرکے مجھ سے ناجائز فائدہ اُٹھانے کے لیے میری کردار کشی کرتا ہے تو کرتا رہے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا،ہاں اُن لوگوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ جتنا مرضی زور لگا لیں قانون سے ہٹ کر کام لانے والے میرے در سے آج کی طرح ہمیشہ ہی ’’نامراد‘‘ لوٹیں گے۔

ایس ایس پی کوٹلی چوہدری ذوالقرنین نے لوگوں کے پیغام دیا کہ وہ ان ٹاؤٹوں سے بچیں اور اپنا کام لیکر اکیلے تھانہ جائیں اگر پولیس والے کام نہیں کرتے تو میرے پاس آئیں انشاء اللہ انصاف فراہم کیا جائے گا۔