بھمبر ‘ ٹریفک کا ایک اور المناک حادثہ ‘ موٹر سائیکل سوار پولیس ملازم جاں بحق ‘ دوسرا زخمی

جمعہ 20 اکتوبر 2017 16:29

ْبھمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) بھمبر میں ٹریفک کا ایک اور المناک حادثہ ، موٹر سائیکل سوار پولیس ملازم جاں بحق ، دوسرا زخمی ہو گیا ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچا دیا گیا ، جاں بحق شخص کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، تفصیلات کے مطابق بھمبر گجرات روڈ پر بڑھنگ کے مقام پر جمعہ کی صبح بس نمبری GTA/1042 موٹر سائیکل جسکا نمبر STL/5239 اور موٹر سائیکل بدوں نمبر میں بری طرح ٹکر ہو گئی جسکے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار جیل پولیس کا ملازم محمد شبیر ولد اللہ دتہ ساکن کوٹ جٹاں تحصیل بھمبر جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک دوسرا شہذیب نامی شخص ساکن کڑیانوالہ زخمی ہو گیا واقعہ کی اطلاع پر ایس ایچ او سٹی بمع پولیس نفری موقع پر پہنچ گئے اور ضروری کاروائی کی جبکہ زخمی ہونے والے شخص کو فوری ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں اس کی طبی امداد کی گئی دوسری طرف جاں بحق ہونے والے شخص کو اس کے آبائی گاوں میں نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کردیا گیا نماز جنازہ میں عوام کی کثر تعداد نے شرکت کی ۔