شہیدذوالفقار علی بھٹو نے پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی ‘کشمیر کی آزادی کیلئے ہزار سال تک جنگ لڑنے کا تاریخی اعلان میرے عظیم قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو کا وہ تاریخ ساز کارنامہ ہے جسے تاریخ میں ہمیشہ سنہری حرو ف سے لکھا جائے گا

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما ہمایوں زمان مرزا کا بیان

جمعہ 20 اکتوبر 2017 16:10

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے دست راست ہمایوں زمان مرزا نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی پاکستان کی سب سے بڑی یونیورسٹی ہے شہیدذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی تھی کشمیر کی آزادی کے لیے ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے کا تاریخی اعلان میرے عظیم قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو کا وہ تاریخ ساز کارنامہ ہے جسے تاریخ میں ہمیشہ سنہری حرو ف سے لکھا جائے گا بھٹو شہید کا نواسہ اور بی بی شہید کا جرات مند بیٹا بلاول بھٹو جنرل ضیا الحق کی پیداوار کو تاریخ میں وہ سبق سکھائے گا جسے تا قیامت ضیا الحق کی باقیات یاد رکھیں گی بھٹو تو شہید ہو گئے مگر ان کا نظریہ ،فلسفہ اور عظیم ایجنڈا آج بھی کشمیر ،گلگت بلتستان کے فلک پوش پہاڑوں اور پاکستان کے چاروں صوبوں کے اندر سر بلند ہے بلاول بھٹو پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان کی امیدوں کا مرکز و محور ہیں 2018میں پیپلزپارٹی کے جیالے بلاول بھٹو کو پاکستان کا سب سے کم عمر وزیراعظم بنا کر ایوان وزیراعظم میں بٹھائیں گے شہید ذوالفقار علی بھٹو دنیا کی تاریخ کے وہ واحد عظیم لیڈر تھے جنہوں نے امریکہ کی بادشاہت کو جوتے کی نوک پر دے مارا لیکن امریکہ کی اطاعت قبول نہ کی بد قسمتی سے ذوالفقار علی بھٹو کو وقت کے یزید ضیا الحق نے بھٹو کو شہید کر دیا اور سوچا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ختم ہو جائے گی لیکن بھٹو شہید امر ہو گئے اور ضیا الحق ہمیشہ کے لیے مقام عبرت بن گیا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر رہنما ہمایوں زمان مرزا نے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ کشمیریوں نے دس لاکھ سے زائد جانوں کا نذرانہ صرف اپنی آزادی اور استصواب رائے کیلئے دیا تاکہ کشمیریوں کا ان کا پیدائشی حق مل سکے مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے اقوام متحدہ کی طرف سے خاموشی لمحہ فکریہ ہے اقوام متحدہ بھارت پراپنا دبائو ڈالے اور اپنی پیش کردہ قرار دادوں پر عمل درآمد کروا ئے مقبوضہ کشمیرکے نوجوان ،بچے اور بزرگ اپنے خون کا صدقہ دیکر تحریک آزادی کشمیر کی شمع کو روشن رکھے ہوئے ہیں بھارتی ظالم ، جابر اور مکار فوج کشمیریوں کو شہید کر کے تحریک آزادی کشمیر کو دبانا چاہتی ہے مگر وہ گزشتہ ستر سالوں سے ناکام و نامراد ہے مسئلہ کشمیر کے حل سے راہ فرار اختیار کرنے کیلئے بھارتی حکمران لاکھوں جتن کر رہے ہیں مگر کشمیری قوم انہیں کسی بھی صورت اپنے پیدائشی اور بنیادی حق سے راہ فرار اور بھاگنے کی اجازت نہیں دے سکتی مسئلہ کشمیر کاواحد حل صرف اور صرف کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دینا ۔

بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانیت سوز مظالم اورشدید ترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںکا مرتکب ہو چکا ہے مگر عالمی ادارہ جات کی اس حوالہ سے خاموشی باعث توجہ ہے ۔ ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالہ سے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی افواج کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کیخلاف کردارادا کرناچاہیے کیونکہ جب تک اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے جاندار اور ٹھوس مئوقف نہیں اپناتا اور کشمیریوں کو ان کے پیدائشی حق دلانے کیلئے اپنا کردارادا نہیںکرتا اس وقت تک اس ادارے کی اہمیت کشمیریوںکے نظروںمیںکچھ بھی نہیں ہے ۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی افواج سات دہائیوں سے کشمیریوں پر ظلم ، جبر اور انسانیت سوز مظالم کی انتہائوں کو چھو چکی ہے مگر آج تک کشمیریوں کا جذبہ آزادی سرد نہیں ہوا بلکہ اس میں پہلے سے زیادہ جوش و خروش پیدا ہوا ۔ انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ ابزورر مشن کنٹرول لائن پر آباد شہری آبادیوں پر گولہ باری فائرنگ سے بھارت کو باز رکھے اور شہری آبادیوں کو گولہ باری سے محفوظ بنانے کے اقدامات کرے ۔

ہمایوں زمان مرزا نے کہا ہے کہ امریکہ ،اسرائیل اور بھارت دنیا کے سب سے بڑے عالمی دہشت گرد ممالک ہیں ان سے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی،پاکستان میں خود کش دھماکے اور دہشت گردی کے پیچھے امریکہ ،اسرائیل ،بھارت کی خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت اور ان کو استصواب رائے کا حق دلانے کیلئے عالمی برادری کو ٹھوس مئوقف اپنانا ہوگا ، عالمی ممالک کشمیریوں کو آزادی دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں آزادکشمیر کی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے دکھ درد اور غم میں برابر کی شریک ہے ۔

مسئلہ کشمیر کا ستر سال بعد بھی حل نہ ہونا اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کے لئے ایک سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ کرفیو کے نفاذ سے مقبوضہ وادی کے اندر مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر پاکستان سے اپنی والہانہ عقیدت اور محبت کا اظہار کر رہے ہیں مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ ستر سالوں سے بھارت کیخلاف برسرپیکار ہیں اور اپنے حق آزادی کیلئے لاکھوں قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کر چکے ہیں بھارت اور اس کی قابض قاتل افواج مقبوضہ کشمیر کے اندر کنٹرول قائم رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے بھارت کو چاہیے کہ وہ فوری طورپر مقبوضہ کشمیر سے اپنی افواج کا انخلاء کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا جینے کا حق دے ۔

ہمایوں زمان مرزا نے مزید کہا کہ بھارتی وزیراعظم پاکستان کیخلاف سازشیں کر کے خطہ کا امن تہہ و بالا کرنا چاہتا ہے اس کا جنگی جنون اس کے ملک کی تباہی کا سبب بن سکتا ہے افواج پاکستان سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں ملک کے کونے کونے کادفاع کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے بھارت کے ہر طرح کے مکرو عزائم کو خاک میں ملا کر پاکستان کی سلامتی و خود مختاری کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کرینگے ۔

ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کشمیر کی حالیہ لہر نے تحریک آزادی کشمیر کی شدت کو مزید تیز کر دیا ہے وہ وقت دور نہیں جب آر پار کے کشمیری ایک ساتھ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اس کے تسلط سے آزادی کیلئے کشمیریوں کا خون کسی بھی صورت رائیگاں نہیں جائیگا بھارت اس کے اس کی افواج کشمیریوں پر جتنا مرضی ظلم کر کے کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سیاسی مدبرانہ اور دور اندیش سیاسی سوچ رکھنے والے نوجوان کی حیثیت سے پاکستان کے اندر اپنی پہچان واضع کر چکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان کے ہر صوبے اور علاقے میں پاکستان پیپلزپارٹی کا پرچم لہرا رہا ہے ہم اپنی تمام کامیابیوں کے ذریعے یہ ثابت کریں گے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلزپارٹی سے پہلے زیادہ مضبوط اور توانا ہو چکی ہے ۔

ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم پر ماضی میں الزامات لگانے والے بھی اپنی باتوں پر شرمندہ و نادم ہو چکے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اخلاقی تقاضے اور عوامی خواہشات کی تکمیل کیلئے آگے بڑھ رہی ہے اور انشاء اللہ 2018ء کا الیکشن پاکستان پیپلزپارٹی کا الیکشن ہوگا جس میںکامیابی حاصل کرنے کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے نوجوان ترین وزیراعظم ہونگے ۔