زیتون کے پھل کی بروقت پروسیسنگ ضروری ہوتی ہے،ڈائریکٹر باری

جمعہ 20 اکتوبر 2017 16:05

راولپنڈی۔ 20اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء)بارانی زرعی تحقیقاتی ادارے (باری )کے ڈائریکٹر محمد طارق نے کہاہے کہ زیتون کی برداشت کا بہترین وقت موسم خزاں کا آخر ہوتا ہے، زیتون کا پھل تیا ر ہونے پر اسے ہاتھ سے یا کیمیکل کا سپرے کرکے پودوں سے اتار کر اکٹھا کیا جاتا ہے، مشینی طریقے سے پھل کی برداشت کیلئے درختوں کے نیچے جال لپیٹنا نہایت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ زیتون کا پھل جب مناسب سائز کا ہوجائے تو اس کے درخت پر سپرے کرنے سے پھل کا جوڑ کمزور پڑجاتا ہے اور پھل کی برداشت آسان ہوجاتی ہے تاھم مشینی طریقے سے توڑے گئے پھل کو چند گھنٹوں کے اندر مختلف طریقوں سے محفوظ کرنا ضروری ہے ورنہ پھل کی کوالٹی متاثر ہوگی۔انہوں نے کہاکہ زیتون کے پھل کی کڑواہٹ دور کرنے کیلئے اس کی بروقت پروسیسنگ ضروری ہوتی ہے جس میں پھل کو اپنی اصلی حالت یا پیسٹ کی صورت میں محفوظ کیا جاتا ہے۔ اگر پھل سے تیل حاصل کرنا مقصود ہو تو پھل ذرا دیر سے توڑا جا تا ہے۔ دونوں صورتوں میں پھل کا حجم، رنگ اور خشک وزن جیسے پیمانے اس کا معیار ہوتے ہیں ۔