کوٹ بھلوال جیل میں نظر بند عبدالاحد پرہ کی گرتی ہوئی صحت پرمسلم لیگ کااظہار تشویش

جمعہ 20 اکتوبر 2017 15:52

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میںمسلم لیگ جموں کشمیر نے جموںکی کوٹ بھلوال جیل میں غیر قانونی طورپر نظر بند پارٹی رہنماء عبدالاحد پرہ کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدیدتشویش ظاہر کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ اس حقیقت کے باوجود کہ عبدالاحد پرہ مختلف بیماریوںمیں مبتلا ہیں انتظامیہ مختلف حیلے بہانوں سے ان کی غیر قانونی نظربندی کو طول دے رہی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ جیل میں انہیں علاج معالجے اور مناسب خوراک سمیت تمام بنیادی سہولتوں سے محروم رکھ کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے جوکہ انسانی حقوق کی سنگین پامالی بھی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ڈاکٹروں کی طرف سے پانچ ماہ قبل پتے کا آپریشن کرانے کی ہدایت اور عدالت کی طرف سے بھی اس سلسلے میں باضابطہ حکم نامہ جاری ہونے کے باوجود انہیں بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے کوٹ بھلوال جیل کی تنگ و تاریک کوٹھری میں مسلسل نظربند رکھا جارہا ہے اور علاج معالجے کی سہولتوںکی عدم فراہمی کی وجہ سے انہیں کئی عارضے لاحق ہو گئے ہیں اور وہ دن بہ دن کمزور ہورہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ان کی زندگی کوخطرہ لاحق ہے اوراگرفوری طورپر پتے کا آپریشن نہ کرایا گیا تو انکے پورے جسم میں زہر پھیلنے کا خطرہ ہے۔ ترجمان نے عبدالاحد پرہ کی فوری رہائی کامطالبہ کرتے ہوئے انتظامیہ کو خبردار کیاکہ اگر ان کے ساتھ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اسکی تمام تر ذمہ داری اس پر عائد ہوگی اور اسکے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔انہوںنے عالم ریڈ کراس، ہیومن رائٹس واچ اورانسانی حقوق کی دوسری تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔

متعلقہ عنوان :