متحدہ عرب امارات کی کابینہ میں ردوبدل کردیا گیا

جمعہ 20 اکتوبر 2017 15:47

دبئی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) متحدہ عرب امارات کی کابینہ میں ردوبدل کردیا گیا ۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بات نائب وزیر اعظم اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ٹوئٹر اکائونٹ پر بتائی۔ انہوں نے کہا کہ محمد بن زاید سے مشورے اورامارات کے صدر کی منظوری کے بعد کابینہ میں ردوبدل کر دیا گیا ہے۔عمر بن سلطان العلماء کو وزیر مملکت برائے ذہانت 30سالہ سارہ الامیری کو وزیر مملکت برائے ترقی یافتہ علوم اور مریم المھیری کو وزیر مملکت برائے غذائی کفالت مقرر کر دیا گیا۔

انہوں نے سارہ الامیری کی بابت بتایا کہ وہ اماراتی سائنسدانوں کی بھی ذمہ دار ہوں گی۔ انکا کام باصلاحیت سائنسدان تیار کرنا اور تجدیداور ریسرچ ہے۔ الامیری امارات کو مریخ پر لی جانے کی مہم کی قیادت کریں گی۔

(جاری ہے)

شیخ محمد بن راشد نے مزید بتایا کہ احمد بالھول کو اعلیٰ درجے کی مہارتوں کا قلمدان بھی تفویض کیا گیا ہے۔ وہ وزیر مملکت برائے اعلیٰ تعلیم ہوں گے۔

انہیں افرادی قوت کے ادارے کا سربراہ بھی بنایا گیا ہے۔ حصہ بنت عیسیٰ ،بو حمید کو وزیر برائے فروغ معاشرہ بنایا گیا۔ جبکہ نورہ الکعبی کو و زیر ثقافت مقرر کیا گیا۔زکی نسیبہ کو وزیر مملکت متعین کیا گیا۔ وزیر توانائی سہیل المزروعی کو صنعتوں کے فروغ کی ذمہ داری بھی تفویض کی گئی۔ عبدالرحمان الویس کو و زیر مملکت برائے امور قومی اسمبلی کا قلمدان بھی دیا گیا۔ انہوں نے سبکدوش کئے جانے والے عہدیداروں کا وطن کی شاندار خدمت پر شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :