جوڈیشنل مجسٹریٹ عبدالحفیظ چاچڑکا نوشہروفیروز کے مختلف سکولوں کا دورہ

جمعہ 20 اکتوبر 2017 15:43

نوشہرو فیروز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) فرسٹ سول جج و جوڈیشنل مجسٹریٹ نوشہروفیروز عبدالحفیظ چاچڑنے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نوشہروفیروز کی ہدایات پر گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول مصری خان چانڈیو ، گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول ابرار چانڈیو، گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول مانک تگر، گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول گل محمد تگر کادورہ کیا۔

دورے کے دوران سول جج نے اساتذہ ، عملے وطلباء کی حاضری چیک کی ، اس کے علاوہ ایس ایم سی فنڈز کے استعمال اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ گورنمنٹ پرائمری اسکول مصری خان چانڈیو میں اسکول کی عمارت خستہ حال ہونے کی وجہ سے بچے ایک درخت کے نیچے تعلیم حاصل کررہے تھے۔ اور اسکول میں فرنیچر اور ایس ایم سی فنڈز کا رکارڈ موجود نہ ہونے پر سول جج نے برہمی کا اظہار کیا جبکہ گورنمنٹ پرائمری اسکول ابرار حسین چانڈیو میں ایک استاد ایاز حسین غیر حاضرتھا اورطلبہ و طالبات کی حاضری انتہائی کم تھی۔

(جاری ہے)

اسکول کا ایک کمر ہ بند ہونے اور کمرے میں جانوروں کے لئے بھوسہ اسٹور کرنے پر سول جج نے کمرہ کھولنے اور چارہ ہٹھانے اور اسکول کے ہیڈ ماسٹر اور متعلقہ ایجوکیشن افسر کو صبح عدالت میں طلب کرلیا۔ جبکہ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول گل محمد تگر کے دورے کے موقع پر سکول بند تھا گاوں والوں نے سول جج کو بتایا کہ سکول میں مقرر ٹیچر کے تبادلے کے بعد سے یہ اسکول بند ہے۔ گرلز اسکول کی چار دیواری کے اندر بھوسہ رکھنے پر سول جج نے برہمی کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ فوری طور پر اسکول کے اندر سے بھوسہ اٹھایا جائے بصورت دیگر ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔