محکمہ لائیو سٹاک کے زیر اہتمام گدھوں کے مقابلہ حسن کا انعقاد

جمعہ 20 اکتوبر 2017 15:32

فیصل آباد۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) محکمہ لائیو سٹاک کے زیر اہتمام فیصل ۱ٓباد میں گدھوں کے مقابلہ حسن کا انعقادکیا گیا جس میں پنجاب بھر سے گدھوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیکرٹری لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب نسیم صادق کی خصوصی ہدایات پر ڈائریکٹر (ایل پی آر ون) کی سربراہی میں ڈونکی شو و مقابلہ خوبصورتی کا انعقاد منڈی مویشیاں تاندلیانوالہ میں کیا گیا ۔

مذکورہ میلے کا مقصد پنجاب بھر سے آنے والے گدھوں کے مالکان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا ۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد نواز ملک نے میلہ میںموجود لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گدھا مال برداری میں بے حد اہمیت کا حامل ہونے کے باوجود نظر انداز کیا جاتا ہے اور اس بے زبان مخلوق کا کوئی پرسان نہیں ہے لہٰذا اس میلے کا مقصد گدھا مالکان میںآگاہی اور بہتر دیکھ بھال و افزائش کو فروغ دینا ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس میلے میں گدھوں کی خوبصورتی ‘ گدھا ریڑھی دوڑ کے علاوہ خوبصورت گدھا مالکان کوانعامات دئیے گئے ۔میلے کے منتظمین میں ڈائریکٹر (ایل پی آر ون )بہاولنگر اوکاڑہ ڈاکٹر محمود اعجاز ‘ ڈائریکٹر (ایل ایس ٹی سی )بہاولنگر اوکاڑہ ‘ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر صالحہ گل ‘ فارم سپرنٹنڈنٹ بہاولنگر ڈاکٹر محمد اختر و دیگر افسران شامل تھے ۔

ان مقابلہ جات میں جوان نر گدھا مقابلہ خوبصورتی پر پہلا انعام پچاس ہزار روپے بمعہ ٹرافی و سرٹیفکیٹ ‘ دوسرا انعام تیس ہزار روپے بمعہ ٹرافی و سرٹیفکیٹ ‘ تیسرا انعام بیس ہزار روپے بمعہ ٹرافی سرٹیفکیٹس دیا گیا ۔ اسی طرح مادہ جوان گدھی مقابلہ خوبصورتی میں تین جیتنے والے گدھوں کے مالکان کو 50 ہزار ‘ 30 ہزار اور 20 ہزار روپے بمعہ ٹرافی و سرٹیفکیٹ دئیے گئے جبکہ ریڑھی دوڑ میں پہلا ‘دوسرا اور تیسرا انعام بالترتیب 30 ہزار ‘20ہزار اور10 ہزار روپے بمعہ ٹرافی و سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے ۔ علاوہ ازیں خوبصورت بچہ گدھا میں پہلا انعام 3 ہزار اور دوسرا انعام 2 ہزار روپے کے حساب سے تقسیم کئے گئے ۔