بھٹہ خشت مزدوروں کو سرکاری طور پر مقررکردہ اجرت کی ادائیگی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت

جمعہ 20 اکتوبر 2017 15:32

فیصل آباد۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء)بھٹہ خشت مزدوروں کو سرکاری طور پر مقررکردہ اجرت کی ادائیگی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ اس ضمن میں بھٹہ مالکان مکمل تعاون کریں تاکہ قانونی کارروائی کی نوبت نہ آئے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی احمر سہیل کیفی نے ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میںمحکمہ لیبر،محکمہ ایجوکیشن،سوشل سیکورٹی،ای او بی آئی،نادرا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کے چوہدری عبداسلام،مزدور رہنمااسلم وفا،بابالطیف اور دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔

صدر اجلاس نے بھٹہ خشت ورکرز کے مسائل سنتے ہوئے سوشل سیکورٹی کارڈز کے اجراء میں پیشرفت کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کی تاکید کرتے ہوئے بھٹہ مالکان سے کہا کہ محکمے کو اپنے حصہ کے واجبات ادا کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ای او بی آئی کارڈ کیلئے اقدامات کا عمل بھی تیزکرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے بھٹہ ورکرز کے بچوں کو سکولوں میں داخلہ پر یونیفارم ودیگر مراعات نہ ملنے کی شکایت پر ایجوکیشن کو شکایت فوری دور کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ اجراورآجیر کے مابین خوشگوار تعلقات میں ہی صنعتی ترقی کاراز مضمر ہے لہٰذا معاملات کو باہمی افہام وتفہیم سے ہی حل ہونا چاہیے۔اجلاس کے دوران مزدور رہنمائوں نے کم از کم اجرت،سوشل سیکورٹی کارڈ اور دیگر مسائل سے بھی آگاہ کیا۔