نواز شریف پر تیسرے ریفرنس میں بھی فرد جرم عائد

سابق وزیراعظم کے نمائندے ظافر خان کا صحت جرم سے انکار، نیب کے گواہ جہانگیر احمد طلب، کیس کی سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی

جمعہ 20 اکتوبر 2017 15:28

نواز شریف پر تیسرے ریفرنس میں بھی فرد جرم عائد
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف پر تیسرے ریفرنس میں بھی فرد جرم عائد کرتے ہوئے سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کر دی اور نیب کے گواہ جہانگیر احمد کو بھی طلب کر لیا۔ محمد نواز شریف کے نمائندے ظافر خان نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا بیان عدالت میں پڑھ کر سنایا کہ میں تمام الزامات کو مسترد کرتا ہوں، ٹرائل کا سامنا کروں گا، آئین پاکستان شفاف ٹرائل کا حق دیتا ہے۔

جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے دائر فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں بھی سابق وزیراعظم نواز شریف پر فرد جرم عائد کر دی جبکہ اس ریفرنس میں نامزد حسن نواز اور حسین نواز کو مفرور قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فرد جرم کے نکات پڑھ کر سنائے۔ نواز شریف کے نمائندے ظافر خان نے صحت جرم سے انکار کر دیا اور سابق وزیراعظم کا بیان عدالت میں پڑھ کر سنایا کہ میں تمام الزامات کو مسترد کرتا ہوں، میں اس ریفرنس میں ٹرائل کا سامنا کروں گا، آئین پاکستان شفاف ٹرائل کا حق دیتا ہے۔

عدالت نے فرد جرم کی کارروائی کے بعد سماعت 26 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہ جہانگیر احمد کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا جس کا تعلق ان لینڈ ریونیو سے ہے۔ واضح رہے کہ جمعرات کو نواز شریف پر ایون فیلڈ ریفرنس اور العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر تینوں نے فرد جرم میں عائد الزامات کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔