ایس ایس پی چوہدری اسلم حملہ کیس ،

گرفتار ملزمان ملزم ظفر عرف سائیں اور عبید عرف آبی پر فرد جرم عائد عدالت نے سماعت پر گواہوں کو پیش ہونے کے نوٹس جاری کردئیے

جمعہ 20 اکتوبر 2017 15:15

ایس ایس پی چوہدری اسلم حملہ کیس ،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) ایس ایس پی چوہدری اسلم حملہ کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت نے ملزم ظفر عرف سائیں اور عبید عرف آبی فرد جرم عائد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہوں کو پیش ہونے کے نوٹس جاری کردئیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ایس ایس پی چوہدری اسلم حملہ کیس کی سماعت ہوئی ، اس موقع پر ملزم ظفر عرف سائیں ودیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے اور شہادتوں کے پیش نظر ملزم ظفر عرف سائیں اور عبید عرف آبی فرد جرم عائد کی توکمرہ عدالت میں موجود ملزمان نے صحت جرم سے انکارکیا ۔ملزمان کے انکار پر عدالت نے تفتیشی افسر اور گواہوں نوٹس جاری کرتے ہوئے سات نومبر کو طلب کیا ہے جبکہ مفرور ملزمان کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ اور شاہد اللہ شاہد کو اشتہاری قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ایس ایس پی چوہدری اسلم حملہ کیس کاچالان اے ٹی سی کراچی کو موصول ہوا تھا چالان میں بتایا گیا تھا کہ مقدمے میں کالعدم تنطیم کے دو دہشت گردی ظفر عرف سائیں اور عبید عرف آبی گرفتار ہیں۔چوہدری اسلم پر حملہ خود کش بمبار نعیم اللہ سے کروایا گیا جس کی نادرا کی مدد سے شناخت کی گئی ہلاک دہشت گرد مدرسہ ربانیہ کا طالب علم اور پیر آباد کا رہائشی تھا جو 2000 سے 2009 تک افغانستان میں رہا۔چالان میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان نے چوہدری اسلم پر حملے منصوبہ بندی افغانستان میں کی واضح رہے کہ منتظم عدالت نے چالان منظور کرتے ہوئے معاملہ اے ٹی سی منتقل کیا تھا ۔یاد رہے کہ ایس پی چوہدری اسلم اور ساتھیوں کو 9 جنوری 2014 کو دھماکے میں مار دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :