نواز شریف کو سیاست سے بے دخل کرنے کی سازش خوفناک اقدام ہے،سعدرفیق

جمعہ 20 اکتوبر 2017 15:09

نواز شریف کو سیاست سے بے دخل کرنے کی سازش خوفناک اقدام ہے،سعدرفیق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر ریلوے سعدرفیق نے کہا کہ نواز شریف کو سیاست سے بے دخل کرنے کی سازش خوفناک اقدام ہے،مخالفین نواز شریف دشمنی میں ملک دشمنی پر اتر آئے ہیںِ،نواز شریف کو سزادینے کیلئے نت نئی تاویلیں گھڑی گئیں ، گولی اور گالی ہمیں اپنی راہ سے کبھی نہیں ہٹا سکتی ، مقبول عوامی رہنمائوں کی تذلیل اور سزائوں سے ماضی میں بھی پاکستان کا نقصان ہوا۔

جمعہ کو خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نواز شریف کو سیاست سے بے دخل کرنے کی سازش خوفناک اقدام ہے۔ مخالفین نوازشریف دشمنی میں ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں۔نواز شریف پرکرپشن کا کوئی مقدمہ ہے نہ ثبوت پھر بھی نااہل کردیا گیا۔نواز شریف کو سزا دینے کیلئے نت نئی تاویلیں گھڑی گئیں،مقبول عوامی رہنمائوں کی تذلیل اور سزائوں سے ماضی میں بھی پاکستان کا نقصان ہوا۔

(جاری ہے)

آئین شکنی کرنے اوراسے قانونی تحفظ دینے والوں کو محفوظ راستے دیے گئے۔طاقتور دشمنوں میں گھرا پاکستان اندرونی خلفشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔محاذ آرائی کی بجائے مل کر آگے بڑھنے کی کوشش کی جائے۔ایک دوسرے کی تضحیک کرنے اور انتقام لینے کی بجائے معاف کرنے اور بھول جانے میں ہی عافیت ہے۔ متحد ہوئے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔لائکس کرنیو الے گالی برداروں سے پانچ گنا زیادہ ہیں،جاہلوں سے بدزبانی کا مقابلہ نہیں کرنا، گولی اور گالی ہمیں اپنی راہ سے کبھی نہیں ہٹاسکتی۔