شمالی کوریا کو دیوار سے لگانا خطرناک ہوگا،

امریکا اور شمالی کوریا مذاکرات کا راستہ اختیار کریں،روس ماسکو اور واشنگٹن دونوںشام میں مستحکم انداز میں تعاون کو آگے بڑھائیں گے،روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا بیان

جمعہ 20 اکتوبر 2017 15:02

شمالی کوریا کو دیوار سے لگانا خطرناک ہوگا،
سوچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2017ء) روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کو دیوار سے لگانے کے خوفناک نتائج سامنے آئیں گے،امریکا اور شمالی کوریا مذاکرات کا راستہ اختیار کریں،ماسکو اور واشنگٹن دونوں ہی شام میں مستحکم انداز میں تعاون کو آگے بڑھائیں گے۔سوچی میں مباحثے کے موقع پر اسکالرز اور میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے روسی صدر نے شمالی کوریا کے جوہری تجربات کی مذمت کرتے ہوئے امریکا و شمالی کوریا میں بڑھتی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے شمالی کوریا اور امریکا پر مذاکرات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طاقت کا استعمال مسئلے کا حل نہیں جب کہ شمالی کوریا کو دیوار سے لگانے کے خوفناک نتائج نکل سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

روسی صدر نے کہا کہ جزیرہ نما کوریا کو جس بحران کا سامنا ہے اس کا واحد اور جامع حل صرف مذاکرات ہیں،دونوں فریقین کو کشیدگی میں کمی لانے کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔

شام کے مسئلے پر کل جماعتی اجلاس بلانے کی تجویز دیتے ہوئے روسی صد ر نے کہا کہ شامل کے تمام نمائندہ دھڑوں کو بٹھاکرمسئلے کا حل نکالنے کی کوشش کی جائے جب کہ ماسکو اور واشنگٹن دونوں ہی شام میں مستحکم انداز میں تعاون کو آگے بڑھائیں گے،شام میں دہشتگردوں کوشکست دے کردہشتگردی کو پاش پاش کردیا جائے گا۔