وفاق نے صوبوں کے قرضوں پر شرح سود 0.83فیصد کم کردی

2015-16میں عالمی اداروں سے حاصل کردہ قرضے 7.37شرح سود پر صوبوں کودیے گئے ، 2016-17کیلئے شرح 6.54کر دی گئی پنجاب نے 29.27ارب ،سندھ نے 9.46ارب کے قرضے لیے ،خیبر پختونخوا نے 3.84ارب،بلوچستان نے 3.67ارب واپس کیے

جمعہ 20 اکتوبر 2017 14:32

وفاق نے صوبوں کے قرضوں پر شرح سود 0.83فیصد کم کردی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی اداروں سے حاصل کردہ قرضہ جات جو بعد ازاں چاروں صوبوں کو گزشتہ مالی سال2016-17میں فراہم کیے گئے پر شرح سود کم کر دی ہے ، یہ شرح سود مالی سال 2015-16 میں 7.37فیصد تھی جیسے مالی سال 2016-17کیلئے 6.54 فیصد تک کم کر دیا گیا ہے ،اس طرح صوبوں کو قرضوں پر سود کی ادائیگی میں اس سال کیلئے 0.83فیصد کا فائدہ دیدیا گیا ہے ۔

وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے چاروں صوبوں کو بھجوائے گئے فیصلے کے مطابق وفاق نے مالی سال 2016-17کے دوران پنجاب کو29 ارب 27 کروڑ روپے کے قرضے جاری کیے جن پر مستقبل میں 6.54فیصد شرح سود لاگو ہوگی ،سندھ کو اس مالی سال میں9ارب46کروڑ روپے کے قرضے فراہم کیے گئے اور مستقبل میں ان پر 6.54فیصد شرح سود واجب الادا ہوگا ،خیبر پختونخوا نے مالی سال 2016-17 کے دوران وفاق سے کوئی قرض لینے کے بجائے اسے 3 ارب84کروڑ روپے قرض یا سود ادا کر دیا ہے جبکہ بلوچستان نے بھی اس مالی سال میں وفاق کو 3 ارب 67کروڑ روپے قرض واپس کیا ہے ۔

(جاری ہے)

صوبوں سے اس شرح سود کی وصولی انہیں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے تحت فراہم کی جانے والی ماہانہ رقم کی ادائیگی کے وقت ایٹ سورس کی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ بجٹ خسارہ پورا کرنے کیلئے حکومت کمرشل بینکوں اور قومی بچت اسکیموں سے بھاری شرح سود پر قرضے لیتی رہی ہے جس کے سبب قرضوں کا بوجھ اس وقت1960ہزار ارب تک پہنچ گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :