جاپان میں عام انتخابات کے لئے پولنگ والے دن سمندری طوفان کی پیش گوئی

جمعہ 20 اکتوبر 2017 13:30

ٹوکیو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) جاپان میں عام انتخابات کے لئے پولنگ کے دن (کل) اتوار کو سمندری طوفان کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ بارشوں کے باعث پولنگ بھی متاثر ہو سکتی ہے ۔دوسری جانب جاپانی وزیراعظم نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ (کل)اتوار کو صبح ہی ووٹ ڈال لیں ۔ گذشتہ روز عالمی میڈیا نے جاپانی محکمہ موسمیات کے ماہرفیوجو تکاہاشی کے حوالہ سے بتایا کہ اکتوبر کے مہینہ میں جزیرہ نما جاپان میں طوفان کے باعث بارشیں معمول سے ہٹ کرہورہی ہیںاور ایسا جاپان میں شاذونادر ہی ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

جاپانی وزیراعظم نے بدھ کے روز اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد صحافیوںسے بات چیت کرتے ہو ئے کہا تھا کہ اتوار کو ہونے والی پولنگ جاپان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی اس لئے عوام موسم کی خرابی کے باوجود لازمی طور پر ووٹ ڈالیں ۔ دریں اثناء حکام کا کہنا ہے کہ شمالی جزیرہ ہوکیڈو میں بارش کے باعث ڈالے جانے والے ووٹوں کی شرح بارشوں کی شدت کے لحاظ سے کم ہو سکتی ہے ۔ دوسری جانب تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ ڈالے گئے ووٹوں کی شرح بہت کم ہونے کی صورت میں حکمران جماعت کے بلاک کو دوبارہ دو تہائی اکثریت حاصل ہو جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :