ڈی ایٹ کا 9 واں سربراہ اجلاس استنبول میں شروع ہوگیا، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پاکستان کی نمائندگی کریں گے

جمعہ 20 اکتوبر 2017 13:35

ڈی ایٹ کا 9 واں سربراہ اجلاس استنبول میں شروع ہوگیا، وزیر اعظم شاہد ..
استنبول۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) ڈی ایٹ کا 9 واں سربراہ اجلاس جمعہ کو ترکی کے شہر استنبول میں شروع ہوگیا جس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ پاکستان ڈی ایٹ کا موجودہ چیئرمین ہے اور اس موقع پر تنظیم کی صدارت ترکی کے حوالے کرے گا۔ قبل ازیں ڈی ایٹ سربراہ اجلاس کے مقام پر آمد پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے کانفرنس میں شریک سربراہان مملکت و حکومت کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر ڈی ایٹ رہنمائوں نے گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ ترکی، مصر، انڈونیشیا، ملائشیا، ایران، نائجیریا،بنگلہ دیش اور پاکستان تنظیم کے رکن ممالک ہیں جبکہ ڈی ایٹ کے نویں اجلاس میں آذربائیجان اور گنی خصوصی شرکت کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی ایٹ تنظیم کے سیکریٹری جنرل سمٹ رپورٹ پیش کریں گے۔

ڈی ایٹ کے آٹھوں رکن ممالک کی مجموعی آبادی ایک ارب سے زیادہ ہے جبکہ مشترکہ شرح نمو 37 کھرب ڈالر سے زائد ہے۔ تنظیم کے مقاصد میں رکن ممالک کے درمیان معاشی تعاون میں اضافہ اور عوامی زندگیوں میں بہتری بھی شامل ہے۔ ڈی ایٹ کا تنظیمی ڈھانچہ سمٹ، کونسل اور کمیشن پر مبنی ہے۔ سمٹ میں سربراہان مملکت، کونسل میں وزرائے خارجہ جبکہ کمیشن میں اعلیٰ حکام اپنے اپنے ملکوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔

تنظیم کے چارٹر کے تحت زراعت، فوڈ سیکورٹی، توانائی، معدنیات، صنعتی تعاون، صحت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کا فروغ شامل ہے۔ پاکستان ڈی ایٹ تنظیم کا متحرک رکن ہے۔تاریخی شہر استنبول میں ہونے والے نویں ڈی ایٹ اجلاس میں سربراہان مملکت و حکومت مستقبل کے لائحہ عمل پر گفتگو کریں گے۔ڈی ایٹ سمٹ کے موقع پر شاہد خاقان عباسی ترکی کی قیادت اور دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔