نباتاتی طریقوں سے ترشاوہ پودوں کی افزائش نسل کرکے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں، زرعی ماہرین

جمعہ 20 اکتوبر 2017 13:33

فیصل آباد۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء)بیج سے تیار کر دہ ترشاوہ پودے صحیح النسل نہیں ہوتے تاہم نباتاتی طریقوں سے افزائش نسل کرکے شاندار نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ماہرین زراعت نے بتایاکہ نباتاتی طریقے سے تیار کئے گئے ترشاوہ پھلوں کے پودے جلد بار آور ہوتے ہیں جن کی پیوندی کی صورت میں پودا 2حصوں پر مشتمل ہوتاہے جس کے ایک حصہ جس کا براہ راست تعلق زمین سے ہو اور اپنی جڑوں کے نظام سے پودے کو زمین سے پانی اور دیگر غذائی عناصر مہیا کرے اسے روٹ سٹاک اور دوسرے حصے کو جو کہ روٹ سٹاک پر پیوند کیاجائے اسے سائن کہتے ہیں۔

انہوںنے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں ترشاوہ پھلوں کیلئے جٹی کھٹی کاروٹ سٹاک استعمال ہو رہاہے اور اس پر پیوندکئے ہوئے پودے کافی حد تک خشک سالی اور بیماریوںکا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ روٹ سٹاک گیلی ، نمدار ، بھاری زمین میں کامیاب نہیں مگر ریتلی زمینوںمیں انتہائی کامیاب ہے جس پر پودا خوب بڑھوتری پاتاہے۔