گلابی سنڈی کے لاروا کو ختم کرنے کیلئے کپاس کے گرے ہوئے ٹینڈوںکو جلانے کی ہدایت

جمعہ 20 اکتوبر 2017 13:33

فیصل آباد۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء)محکمہ زراعت نے گلابی سنڈی کے لاروا کو ختم کرنے کیلئے کپاس کی چھڑیوں کو ہلانے اور گرے ہوئے ٹینڈوں و پتوں کو جلانے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ کاشتکار کپاس کے ڈھیروںپر جنسی پھندے لگائیںاور گلابی سنڈی کا حملہ نقصان کی معاشی حد پانچ لاروے فی 100 ٹینڈے ہونے پر مقامی عملہ کے مشورہ سے سفارش کردہ زہر کا استعمال کریں تاکہ اس سنڈی کا بروقت سد باب کیا جا سکے۔

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ محکمہ زراعت کے شعبہ پیسٹ وارننگ کی رپورٹ کے مطابق ضلع لودھراں کی تحصیل لودھراں ،دنیا پور،کروڑپکا، بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ، یزمان، حاصل پور،بہاولنگر کی فورٹ عباس اور ضلع رحیم یار خان کی تحصیل خان پور،لیاقت پوراورصادق آبادمیں کپاس کی فصل پر گلابی سنڈی کا حملہ دیکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ رپورٹ کے مطابق یہ حملہ گزشتہ سال0.15فیصد کی نسبت 1.73فیصد ہے لہٰذا کاشتکاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس سنڈی کے انسداد کے لیے مقامی عملے سے مشورہ کرکے گلابی سنڈی کو کنٹرول کریںکیونکہ اس سے نہ صرف کپا س کی پیداوار کم ہوتی ہے بلکہ اس کا معیار بھی متاثر ہوتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکار ہفتہ میں 2بار کپاس کی فصل کی پیسٹ سکائوٹنگ بھی یقینی بنائیں۔