Live Updates

عمران خان نے گوانتاناموبے میں قید پاکستانی کیلئے عالمی سطح پر آواز اٹھادی

احمد ربانی کی بحفاظت واپسی یقینی بنانا ہمارا فرض ہے، پاکستانی قیدی کی حالت زار پر خاموش نہیں رہ سکتے‘واشنگٹن پوسٹ میں مضمون

جمعہ 20 اکتوبر 2017 12:45

عمران خان نے گوانتاناموبے میں قید پاکستانی کیلئے عالمی سطح پر آواز ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گوانتاناموبے میں قید پاکستانی ڈرائیور کو انصاف دلوانے کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کی ہے۔واشنگٹن پوسٹ میں پاکستانی قیدی کی حالت زار پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تفصیلی مضمون لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 2002میں کراچی سے ایک پاکستانی ٹیکسی ڈرائیوراحمد ربانی کو گرفتار کر کے سی آئی اے کے حوالے کیا گیا جسے حسن گل سمجھا گیا اور بعد میں پتہ چلا کہ یہ غلطی تھی۔

سی آئی اے نے احمد بانی کو 540 دن حراست میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اسے کیوبا میں بدنام زمانہ جیل گوانتانامو میں منتقل کر دیا گیا، وہ 15 سال سے مقدمے کی کارروائی کا منتظر ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی حکومت نے احمد ربانی کے لیے آواز نہیں اٹھائی۔عمران خان نے مضمون میں لکھا کہ احمد ربانی کی کراچی میں اہل خانہ تک بحفاظت واپسی کو یقینی بنانا ہمارا فرض ہے، ہم پاکستانی قیدی کی حالت زار پر خاموش نہیں رہ سکتے۔

عمران خان نے مزید کہا امریکہ آزادی و انصاف کے اصولوں پر قائم ہوا تو اب ان اصولوں کی پاسداری کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری بدنام زمانہ جیل میں مرتے دم تک بھوک ہڑتال پر ہے، ہمیں اسے روکنا ہوگا۔عمران خان کے مطابق احمد ربانینے 4 سال پہلے احتجاجاً بھوک ہڑتال شروع کی تاہم جیل انتظامیہ انہیں زندہ رکھنے کے لئے زبردستی کھلاتی رہی، ٹرمپ انتظامیہ نے بھوک ہڑتال کرنے والوں کو زبردستی کھانا کھلانے کی پالیسی ترک کر دی ہے، اس اقدام سے احمد ربانی اور دوسرے بھوک ہڑتالیوں کے موت کے منہ میں چلے جانے کے امکان بڑھ گئے ہیں۔

احمد ربانی نے یہ بھی رپورٹ کیا ہے کہ فوج نے طبی امداد بھی روک دی ہے۔ عمران خان نے امریکیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ گوانتاموبے جیل میں قید ایسے قیدیوں کو انصاف مہیا کرے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :