مغوی خاندان کو پانچ سال پاکستان میں ہی رکھا گیا‘ سی آئی اے

امریکہ وہ تمام کوششیں کر رہا ہے جس سے افغان طالبان مذاکرات کی میز پر آ جائیں

جمعہ 20 اکتوبر 2017 12:40

مغوی خاندان کو پانچ سال پاکستان میں ہی رکھا گیا‘ سی آئی اے
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2017ء) امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ نے کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے بازیاب کروائے گئے غیر ملکی خاندان کو پانچ سال تک پاکستان میں ہی رکھا گیا تھا۔واشنگٹن میں ایک تھنک ٹینک فاؤڈیشن فار ڈیفنس آف ڈیموکریسیز میں خطاب کرتے ہوئے سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائک پاؤمپے نے کہا کہ ’گذشتہ ہفتے ایک انتہائی اچھا نتیجہ نکلا ہے جب ہم چار امریکی شہریوں کو بازیاب کروا سکے ہیں جنھیں پانچ سال تک پاکستان میں رکھا گیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ تاریخ ہمیں یہ بتاتی ہے کہ افغانستان میں پاکستان کے حوالے سے ہمیں توقعات کم رکھنی چاہئیں۔واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب کسی امریکی اہلکار نے منظرِ عام پر یہ کہا ہو کہ بازیاب کروایِ گئے خاندان کو پاکستان میں اغوا رکھا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ان افراد کو 2012 میں افغانستان میں اغوا کیا گیا تھا۔ کارروائی کے بعد ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان مغوی افراد کو افغانستان سے پاکستان منتقل کیا جا رہا تھا اور اس دوران امریکی انٹیلیجنس کی مدد سے پاکستانی فوج نے سرحدی علاقے میں کارروائی کر کے انھیں بازیاب کروایا۔

گذشتہ ہفتے پاکستانی فوج کے ایک بیان کے مطابق قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے علاقے میں ایک کارروائی کے دوران پانچ غیر ملکی مغوی افراد کو بازیاب کروا لیا گیا۔ بازیاب کروائے گئے افراد میں ایک کینیڈا کے شہری جوشوا بوئل،ان کی امریکی بیوی کیٹلن کولمین اور تین بچے شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکی حکام کی جانب سے دی جانے والی خفیہ اطلاعات قابلِ عمل تھیں اور ان کی بنیاد پر کیا گیا آپریشن کامیاب رہا اور تمام مغوی بحفاظت بازیاب کروا لیے گئے۔

تاہم سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائک پاؤمپے نے اپنے بیان میں کہا کہ اس فیملی کو پانچ سال تک پاکستان میں رکھا گیا تھا۔اس سے پہلے امریکی اہلکار اپنے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ کہہ چکے ہیں کہ اس بات کے کوئی شواہد نہیں تھے مغوی خاندان کو افغانستان میں ہی رکھا گیا ہو۔مائک پاؤمپے نے افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ وہ تمام کوششیں کر رہا ہے جس سے افغان طالبان مذاکرات کی میز پر آ جائیں اور طالبان کو یقین ہو جائے کہ وہ یہ معاملہ میدانِ جنگ میں فتح سے حل نہیں کر سکتے۔

اس کے علاوہ مائک پاؤمپے نے ایران اور القاعدہ کے درمیان تعلقات کے تناظر میں یہ بھی کہا کہ آئندہ چند روز میں امریکی حکومت 2011 میں ایبٹ آباد میں ہونے والی کارروائی کے بارے میں دستاویزات بھی جاری کرے گی۔

متعلقہ عنوان :