غازی میں ڈپٹی کمشنر ہری پور فیاض علی شاہ کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد

جمعہ 20 اکتوبر 2017 11:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) غازی میں ڈپٹی کمشنر ہری پور فیاض علی شاہ کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر تحصیل ناظم غازی اسلم حیات خان، ضلع ناظم ہری پور عادل اسلام، مقامی ایم پی اے فیصل زمان، اے سی غازی اور دیگر محکموں کے افسران، مختلف یونین کونسلوں کے ناظمین اور اہلیان علاقہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

عوام نے اپنے اپنے علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل سے ڈپٹی کمشنر ضلع ہری پور فیاض علی شاہ کو آگاہ کیا۔ نائب ناظم ویلج کونسل میاں ڈھیری خواجہ فرقان فیصل نے مطالبہ کیا کہ اے ڈی غازی کو ہمارے سروں سے اتارا جائے، اس کے علاوہ تحصیل ہیڈ کوارٹر غازی ہسپتال میں الٹرا سائونڈ مشینوں کے ناپید ہونے اور آپریشن تھیٹر کی سہولت فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ کھلی کچہری سے خطاب کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنر ہری پور فیاض علی شاہ نے کہا کہ ان کے دروازے عوام کیلئے ہر وقت کھلے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ عوام کو جلد از جلد انصاف فراہم کیا جائے۔