ایبٹ آباد لنک روڈ اور کیہال روڈ سے تجاوزات کے خلاف آپریشن

جمعہ 20 اکتوبر 2017 11:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2017ء) تحصیل حکومت ایبٹ آباد نے لنک روڈ اور کیہال روڈ سے تجاوزات کی بھرمار کے خاتمہ کیلئے آپریشن جاری ہے۔ کیہال روڈ پر سیوریج نالے پر قائم تجاوزات کے خاتمہ کیلئے بھرپور آپریشن کیا گیا جس میں ٹی ایم اے کے اہلکاروں، تحصیل ممبران نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ تجاوزات کو اکھاڑ پھینکا اور تجاوزات کی آڑ میں قائم غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا ہے اور اس کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

آپریشن کی نگرانی تحصیل ناظم اسحاق ذکریا کر رہے تھے اور آپریشن میں درجنوں اہلکاروں نے حصہ لیا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود رہی۔ دوسرے مرحلہ میں کیہال چوک سے بند کھوہ تک آپریشن کیا جائے گا اور نالے پر قائم تجاوزات کے خاتمہ، ریڑھیوں اور تھڑوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، گرلز ڈگری کالج کے سامنے اور بند کھوہ پر قائم تجاوزات کو گرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

آپریشن میں ٹی ایم اے کے اہلکار، تحصیل کونسلر اور پولیس فورس حصہ لے گی، تجاوزات کی وجہ سے لنک روڈ پر چلنا مشکل ہی نہیں بلکہ محال ہو گیا تھا، نالوں پر قائم تجاوزات کی و جہ سے نالے آئے روز بند ہو جاتے تھے جس کی وجہ سے گندا پانی اور گندگی سڑک پر آ جاتی تھی۔ آپریشن عوامی مطالبہ پر کیا گیا ہے، لنک روڈ کے کامیاب آپریشن کے بعد شہر کے مختلف حصوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا اور برساتی نالوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کروایا جائے گا۔