زرعی یونیورسٹی فیصل آباد عالمی اور ایشیائی رینکنگ میں مزید بہتری کی جانب منازل طے کر رہی ہے۔ترجمان

جمعرات 19 اکتوبر 2017 23:05

فیصل آباد۔19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد عالمی اور ایشیائی رینکنگ میں مزید بہتری کی جانب منازل طے کر رہی ہے۔ نیشنل تائیوان یونیورسٹی رینکنگ کے تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق ایگریکلچرفیلڈ کیٹیگری جس میں انوائرمنٹ و ایکالوجی‘ پلانٹ و اینیمل سائنسز بھی شامل ہیں‘ میں یونیورسٹی نے 2016ء میں دنیا کی 261ویں بہترین پوزیشن کے مقابلہ میں 240ویںپوزیشن حاصل کی ہے جبکہ ایگریکلچرسبجیکٹ کیٹیگری میں گزشتہ سال کی 72ویں پوزیشن کو برقرار رکھاہے۔

یونیورسٹی ترجمان کے مطابق نیشنل تائیوان یونیورسٹی رینکنگ میں دنیا کی 500بہترین جامعات کی جو فہرست شائع کی ہے اس میں جامعہ زرعیہ فیصل آباد ایگریکلچرسائنسز سبجیکٹ کیٹیگری میں دنیا کی 72ویں جبکہ ایشیاء کی 100جامعات میں 11ویں بہترین جامعہ قرار دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ برسوں کے مقابلہ میں دنیا کی پانچ بہترین جامعات میں چین کی ایک یونیورسٹی نے بھی جگہ حاصل کی ہے اس طرح ہالینڈ کی واہگ نگن یونیورسٹی پہلی‘ چین کی چائنہ ایگریکلچریونیورسٹی دوسری‘ امریکہ کی یونیورسٹی آف کیلی فورنیا ڈیوس تیسری ‘ برازیل کی یونیورسٹی آف سائو پالوچوتھی اور امریکہ کی کورنیل یونیورسٹی پانچویں پوزیشن کی حامل قرار دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ملک کی واحد یونیورسٹی ہے جو گزشتہ ایک دہائی سے دنیا کے لگ بھگ ہر رینکنگ سسٹم جس میں شنگھائی رینکنگ‘ کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ‘ ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ اور یو آئی گرین میٹرک ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ شامل ہیں‘ میں مسلسل بہتری کی جانب پیش قدمی کر رہی ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے فیکلٹی‘ سٹاف اور طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مزید محنت کی ہدایت کی ہے تاکہ مستقبل میں مزید بہتری کا سفر اسی توانائی سے جاری رکھا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :