قندیل بلوچ قتل کیس‘ مفتی عبدالقوی کا چارروزہ جسمانی ریمانڈ منظور

جمعرات 19 اکتوبر 2017 23:01

قندیل بلوچ قتل کیس‘ مفتی عبدالقوی کا چارروزہ جسمانی ریمانڈ منظور
ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) قندیل بلوچ قتل کیس میں نامزد ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے چارروزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز قندیل بلوچ قتل کیس میں گرفتار ملزم مفتی عبدالقوی کو ایس پی کینٹ کی سربراہی میں پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ محمد پرویز خان کی عدالت میں پیش کیا۔

(جاری ہے)

عدالتی کارروائی شروع کرتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ سے پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے ریمانڈ کو پڑھا جس کے بعد مفتی عبدالقوی کے وکلاء اور سرکاری وکلاء ضیاء الرحمن اور انصریاسین نے عدالت میں اپنے اپنے دلائل پیش کیے ۔

مفتی عبدالقوی نے عدالت میں کہاکہ میں بے گناہ ہوں اور گزشتہ رات تھانے میں مجھے پانچ مرتبہ دل کے دورے بھی پڑے۔مجھے ضمانت پر رہا کیا جائے ۔اس موقع پرسرکاری وکلاء نے مزید حقائق سامنے لانے کے لئے ملزم عبدالقوی کا 14روزہ جسمانی ریمانڈطلب کیا۔ وکلاء کے دلائل سننے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے مفتی عبدالقوی کا چارروزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے پولیس تھانہ چہلیک کے حوالے کردیا۔یاد رہے کہ مفتی عبدالقوی گزشتہ روز عبوری ضمانت منسوخ ہونے کے بعد عدالت سے فرارہوگئے جنہیں مظفرگڑھ کے قریب سے گرفتارکرلیاگیاتھا۔

متعلقہ عنوان :