نقشہ منظوری کے بغیر تعمیرہونیوالے 6شادی ہالز ، 5کمرشل سنٹرز سیل

جمعرات 19 اکتوبر 2017 23:01

ڈی جی خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) میئر ڈی جی خان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے نقشہ منظوری حاصل کئے بغیر تعمیرہونے والے 6شادی ہالوں اور 5 کمرشل سنٹرز کو سیل کردیا ،تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز میئر ڈی جی خان کارپوریشن شاہد حمید چانڈیہ کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن کے پلاننگ اور ریگولیشن ڈیپارٹمنٹ نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے چھ میرج ہالوں کو جن میں گلستان میرج ہال، فاطمہ میرج ہال ، ڈائمنڈ میرج ہال، پنک روز میرج ہال، کرسٹل کیسل میرج ہال اور پاکیزہ بار بی کیو سمیت ڈیرہ غازی خان میں کے مختلف علاقوں میں واقع پانچ کمرشل سنٹرز کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کر دیا ،میونسپل آفیسر پلاننگ خورشید احمد کے مطابق میونسپل کارپوریشن ڈی جی خان کی جانب سے مذکورہ مقامات کے مالکان کو نقشہ منظوری کیلئے متعدد بار نوٹسز جاری کئے گئے تھے، اس کے باوجود میرج ہال اورکمرشل سنٹرز کے مالکان کی جانب سے کوئی پیش رفت نہ کی گئی ، جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی، انہوں نے کہا کہ میئر ڈی جی خان شاہد حمید چانڈیہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ناجائز تعمیرات کیخلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا اور کسی کو بھی نقشہ منظوری حاصل کئے بغیر تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔