ڈپٹی کمشنر کا تحصیل تونسہ کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت

جمعرات 19 اکتوبر 2017 23:01

ڈی جی خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان اللہ رکھا انجم نے تحصیل تونسہ شریف کے ترقیاتی منصوبوں ، مراکز صحت اور تعلیمی اداروں کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے منصوبوں میں معیاری میٹریل کے استعمال اور بروقت تکمیل کی ہدایات جاری کیں ، گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول تونسہ کے معائنہ کے دوران استفسار پر طالبات نے بتایا کہ وہ کمروں کی صفائی کرتی ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن کو وارننگ دی کہ وہ ماتحت افسران اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کو واضح ہدایات جاری کریں کہ آئندہ طلبائوطالبات کی طرف سے صفائی کی شکایت پر سخت کارروائی عمل میں لا ئی جائے گی، ڈپٹی کمشنر نے سپورٹس سٹیڈیم کے تعمیراتی کام میں سست روی پر برہمی کااظہار کیا اور ٹف ٹائلز ،سیمنٹ مٹیریل کے لیبارٹری تجزیہ اور سریوں کے گیج چیک کرنے کی ہدایات جاری کیں، انہوںنے تحصیل صدر ہسپتال تونسہ کے معائنہ کے دوران مختلف وارڈز میں داخل مریضوں سے ادویات اور فراہم سہولیات کے بارے میں بھی استفسار کیا، ڈپٹی کمشنر نے چھوٹے چڑیا گھر کے تعمیراتی ڈیزائن پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں ، ڈ پٹی کمشنر نے ٹراماسنٹر تونسہ کو فوری فنکشنل کرنے کے احکامات جاری کیے اور انڈس ہائی وے محبوب موڑ تا بستی مسووالا خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے تحت زیر تعمیر سڑک کا بھی معائنہ کیا جس پر 13کروڑ 81لاکھ روپے خرچ کیے جارہے ہیں ، انہوں نے کوٹ قیصرانی میں ضلع کے دوسرے دانش سکول کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور ضروری احکامات جاری کیے، ڈپٹی کمشنر کو بتایاگیاکہ گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول تونسہ میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر پر 99لاکھ روپے خرچ کیے جارہے ہیں جبکہ چڑیا گھر کی تعمیر پر ساڑھے بارہ کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے ، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس سرفراز مگسی ، اسسٹنٹ کمشنر تونسہ عبدالغفار ، سی ای او تعلیم عبدالغفار لنگاہ سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔