کراچی سے کچرے کا بیک لاگ ختم کرنا ایک چیلنج ہے جسے ہر صورت حاصل کریں گے، وسیم اختر

نیوکراچی سے تمام کچرا اٹھنے تک کام جاری رکھا جائے گا،جو افسران کام کرنا نہیں چاہتے،میئر کراچی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:59

کراچی سے کچرے کا بیک لاگ ختم کرنا ایک چیلنج ہے جسے ہر صورت حاصل کریں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی سے کچرے کا بیک لاگ ختم کرنا ایک چیلنج ہے جسے ہم نے قبول کیا ہے اور اس ٹارگٹ کو ہر صورت حاصل کریں گے، ہمیں اپنے اختیارات کا علم ہے لیکن ہاتھ پائوں چھوڑ کر نہیں بیٹھنابلکہ گرائونڈ پر رہنا ہے، بحریہ ٹائون نے ہمارا ساتھ دیا ہے اور وہ کراچی کے تمام اضلاع سے کچرے کا بیک لا گ ختم کرنے کے لئے ہمارے ساتھ میدان میں موجود ہیں، نیوکراچی سے تمام کچرا اٹھنے تک کام جاری رکھا جائے گا،جو افسران کام کرنا نہیں چاہتے وہ ازخود عہدہ چھوڑ دیں اور چھٹی لے کر چلے جائیں، خاکروبوں کے ساتھ جو افسران سازباز کرکے ان سے کمیشن یا پیسے وصول کر رہے ہیں اگر آج کے بعد ایسا ہوا تو وہ افسران اپنے آپ کو فارغ سمجھیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع وسطی میں بحریہ ٹائون کے تعاون سے جاری صفائی مہم کے سلسلے میں گلبرگ ٹائون کے دفتر میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، منتخب بلدیاتی قیادت، افسران اور علاقے کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین ، عبدالوسیم، صوبائی اسمبلی کے ارکان جمال احمد، عظیم فاروقی، وسیم قریشی، سٹی کونسل کی اراضیات کمیٹی کے چیئرمین سید ارشد حسن ، چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین شاکر علی کے علاوہ کے ایم سی اور بلدیہ وسطی کے سربراہان محکمہ جات اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ ہم مسائل میں گھرے ہوئے ہیں اور ہمیں اپنے ان مسائل کو حل کرنا ہے، وسائل کم ضرور ہیں لیکن اس کے باوجود شہر کے کاموں کو مکمل کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مشینری نہیں لہٰذا بحریہ ٹائون کے تعاون سے صفائی ستھرائی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے دوران شہر کی تمام یوسیز سے کچرا صاف کریں گے انہوں نے کہاکہ افسران اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کا دبائو قبول نہ کریں، آج سے یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین افسران و عملے کے ساتھ گرائونڈ پر ہوں گے اور صبح سے لے کر رات تک صفائی ستھرائی اور دیگر کاموں کی نگرانی کریں گے، انہوں نے کہا کہ ماضی کی تلخیاں اور اختلافات پس پشت ڈال کر کراچی سے کچرا اٹھانے کی مہم میں اپنا کردار ادا کریں، ہمیں عوام کو کام کرکے دکھانا ہے جو لوگ اس وقت برا بھلا کہہ رہے ہیں کہیں ایسا نہ ہو کہ بددعائیں دینا شروع کردیں، انہوں نے ہدایت کی کہ مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ شجر کاری اور جراثیم کش اسپرے کا کام بھی شروع کردیا جائے تاکہ جراثیم سے حفاظت ہو اور ماحول کو سرسبز اور خوبصورت بنایا جاسکے، انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی اور دیگر ترقیاتی کاموں میں یوسی چیئرمین کی ترجیحات کو اولیت دی جائے کیونکہ وہ علاقے کے مسائل کو بہتر سمجھتے ہیں اور ان کی تجاویز کی روشنی میں مختلف کاموں کے لئے موثر حکمت عملی بنائی جائے، اس موقع پر مختلف ضلع وسطی کے مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمینز نے اپنے اپنے علاقے کے مسائل اور مشکلات سے میئر کراچی کو آگاہ کیا اور ہونے والے کاموں کی تفصیلات بتائیں جس پر میئر کراچی وسیم اختر نے انہیں پوری دلجمعی اور محنت سے اپنے فرائض کی ادائیگی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

#

متعلقہ عنوان :