میگا پراجیکٹس کی بجائے آبی ذخائر کو ترجیح دی جائے، چوہدری محمد جعفر اقبال

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:53

رحیم یارخان۔19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء)مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و سینیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں آبی بحران کی شدت توانائی اور اقتصادی بحرانوں سے زیادہ ہے اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے قومی آبی کمیشن کی تشکیل ناگزیر ہے، چوہدری محمد اقبال پبلک سیکرٹریٹ میں پبلک ڈے کے موقع پر لیگی رہنمائوں ، کارکنوں اور حلقہ کے عمائدین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا کہ میگا پراجیکٹس کی بجائے آبی ذخائر کو ترجیح دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اپنی قیادت میں کمیشن تشکیل دیں اس میں آبی ماہرین اور آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں کی اعلیٰ قیادت کو شامل کیا جائے۔بھارت نے ڈیم بنا کر پاکستان کو آنیوالے پانی کو روک کر سر سبز و شاداب پاکستان کے لہلہاتے کھیتوں کو بنجر بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، تاکہ پاکستان کی معیشت کمزور کر کے اسے خوراک کے معاملے پر اغیار کا محتاج بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آبی بحران پاکستان کا اہم مسئلہ ہے اس کے لئے ایمرجنسی لگا کر ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔جعفر اقبال نے کہا کہ بھارت کے خلاف آبی مسئلہ پر عالمی عدالتوں میں دائر مقدمات کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ملک میں دہشتگردی کا بحران ختم کرکے امن بحال کیا اب آنے وا لے آبی بحران پر توجہ ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر بھی کاشتکاروں کو پانی کی فراہمی کے لئے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کاشتکاروں کے وفود کے مسائل سنے اور موقع پر حل کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر چوہدری سلطان بندیشہ، رانا ضیاء الدین آصف، رانا شیر افگن ایڈووکیٹ، چوہدری ظفر گجر سمیت دیگر موجو دتھے۔