ملکی استحکام کے لئے تمام طبقات کو یکسو ہونے کی ضرورت ہے،چودھری ارمغان سبحانی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:53

سیالکوٹ۔19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی نے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری اور ملکی استحکام کے لئے تمام طبقات کو یکسو ہونے کی ضرورت ہے ۔ ملکی ترقی کے لئے معاشی ، معاشرتی اور سیاسی استحکام ناگزیر ہے ۔ سی پیک کی وجہ سے دنیا امید بھری نگاہوں سے اس خطے خاص طور پر پاکستان کی جانب دیکھ رہی ہے ۔

راہداری سے فائدہ اٹھانے کے لئے پوری آمادگی کے ساتھ تیاری کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

اس تناظر میں ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ ماہرین تیار کئے جارہے ہیں تا کہ اقتصادی راہداری کی فعالی کے بعد وطن عزیز اور اس خطے میں صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے نوجوانوں کی بہترین ٹیم موجود ہو جو مستقبل کی ذمہ داریاں سنبھال سکے او ر اس سلسلہ میں ہمیں غیروں کی طرف نہ دیکھنا پڑے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ملکی ترقی کے ساتھ پاکستان کے روشن مستقبل کو دیکھ رہی ہے اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی پالیسیاں پاکستان کے مستقبل کو روشن رکھنے میں معاون ثابت ہو گئیں اور پاکستان ترقی و خوشحالی کی نئی منازل طے کرے گا اور ہماری حکومت ملکی ترقی و خوشحالی کے بنیادی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔