میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لئے انٹری ٹیسٹ، طلباء کیلئے امتحانی سنٹرز قائم

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:51

فیصل آباد۔19 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام پنجاب کے میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لئے انٹری ٹیسٹ دوبارہ 29،اکتوبر کوہوگااس سلسلے میں طلباء امیدواروں کیلئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اولڈ کیمپس دھوبی گھاٹ اور طالبات کے لئے گورنمنٹ وومن یونیورسٹی مدینہ ٹائون اور زرعی یونیورسٹی میں امتحانی سنٹرز قائم ہونگے جن میں مجموعی طور پر 6643امیدوار پرانے رولنمبر پر ہی شرکت کریں گے۔

انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے سلسلے میں ضروری انتظامات کاجائزہ لینے کے لئے اجلاس ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی صدارت میں منعقد ہوا۔سی پی او اطہر اسماعیل اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کے حوالے سے سابقہ تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کویقینی بنایا جائے تاکہ طالب علم پرسکون ماحول میں ٹیسٹ دے سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے مقامات پر پینے کاپانی، پارکنگ، والدین کے لئے سایہ دار انتظار گاہ سمیت دیگر ضروری انتظامات کو قبل از وقت مکمل کرلیا جائے ۔اس ضمن میں متعلقہ افسران سنٹرز کا مشترکہ دورہ کرکے درکار ضروریات کاجائزہ لیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام تر انتظامات کی تکمیل میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔سی پی او اطہر اسماعیل نے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے تینوں امتحانی مراکز پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کویقنی بنایا جائے گا۔

اس ضمن میں پلان کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔اس موقع پر بتایا گیا کہ انٹری ٹیست میں 4243طالبات اور 2400طلباء شریک ہونگے جن میں 2979طالبات جی سی وومن یونیورسٹی مدینہ ٹائون،1264طالبات زرعی یونیورسٹی اور2400طلباء جی سی یونیورسٹی اولڈ کیمپس میں انٹری ٹیسٹ دیں گے۔