کوہاٹ غوریزئی میں پولیس کیطرف سے کھلی کچہری کا انعقاد ، علاقے کے عوام کیساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی،ڈی پی او پولیس

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء) کوہاٹ غوریزئی میںضلعی پولیس کی طرف سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جسمیں عوامی مسائل کا دیر پا حل تلاش کرنے کی غرض سے دوطرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا،کھلی کچہری میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال نے مقامی عمائدین کی جانب سے سامنے آنے والی ایس این جی پی ایل اور مول آئل اینڈ گیس کمپنیوں سے منسوب شکایات و تجاویز اور آبنوشی و صحت اور آمدو رفت کے مواصلاتی ذرائع کے حوالے مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کی اور متعلقہ محکموں کے ارباب اختیار تک انکی بات پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا،کھلی کچہری میں علاقے کے عوام نے بتایا کہ انکی علاقائی حدود میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں تاہم معدنی وسائل سے مالامال دیہاتوں کے عوام اب بھی زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی اپیل کی کہ تیل و گیس کے وسائل پر پہلا حق علاقے کے عوام کا ہے لہٰذا ان ذخائر سے متصل علاقوں کو گیس کی جلد از جلد فراہمی کیساتھ ساتھ آئل اینڈ گیس کمپنیوں میں مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں اور متعلقہ دیہاتوں کے عوام کو زندگی کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کرکے انکے مسائل و مشکلات کا بھر پور ازالہ یقینی بنایا جائے،کھلی کچہری میں عوام کی طرف سے سامنے آنے والے مسائل و مشکلات کا ہر ممکن حل تلاش کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جاویداقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ علاقے کے عوام کیساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی اور آپکے مسائل کے ازالے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھایا جائے گا،علاقے میں کام کرنیوالی تیل و گیس تلاش کرنیوالی کمپنیوں کے حکام سے بھی ان مسائل پر متعدد مرتبہ اجلاس منعقد ہوئے ہیں لہٰذا مقامی لوگوں کے حقوق کو تسلیم کرتے ہوئے سب سے پہلے آئل اینڈ گیس فیلڈ سے متصل گمبٹ کے آٹھ دیہاتوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے پر اتفاق کیا جاچکا ہے۔

ڈی پی او نے مقامی لوگوں کے آبنوشی،صحت،آمدورفت کے ذرائع(سڑکوں)اور زندگی کے دیگر بنیادی ضروریات کے علاوہ مقامی آبادی سے گزرنے والی آئل اینڈ گیس پائپ لائن سے متاثر ہونیوالی ذرعی اراضی جیسے مسائل کو متعلقہ محکموں کے ارباب اختیار کیساتھ مل بیٹھ کر حل کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ پر مبنی فیصلہ سازی کے ذریعے ان تمام مسائل کا مستقل حل جلد تلاش کیا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ۔

انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ انکے مسائل و مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے ہر طرح کے وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔علاقائی امن اور فریقین کے مابین تنازعات کو مقامی سطح پر حل کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ڈی پی او جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ضلع کوہاٹ میں ڈی آر سی کی جرگہ نظام کے تحت لوگوں کے باہمی تنازعات بہتر طور پر حل ہورہے ہیں تاہم علاقے کی جغرافیائی حدود اور علاقے کے عوام کا ڈی آر سی کوہاٹ تک رسائی میں مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے گمبٹ میں بھی ڈی آر سی کی ایک ذیلی شاخ کا قیام عمل میں لانے کا اعلان کیا جاتا ہے۔

کھلی کچہری میں عوام نے علاقائی مسائل و مشکلات کے حل کے حوالے سے اطمینان بخش اقدامات اٹھانے پر ڈی پی او کے عزم کو سراہا اور معاشرتی جرائم کی انسداد کے سلسلے میں پولیس کیساتھ بھر پور تعاون یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا۔کھلی کچہری میں آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے حکام نے بھی عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے علاقے کے عوام کو آگاہ کیااور آئل اینڈ گیس فیلڈ سے متصل دیہاتوں کے عوام کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں فلی میڈیکل ایکو یپٹڈ موبائل ہیلتھ سروس جلد شروع کرنے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر ڈی ایس پی صدر ظاہر شاہ،ایس ایچ او گمبٹ نذر عباس ،آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے مقامی حکام،مقامی بلدیاتی نمائندوں اور گمبٹ کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے مقامی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد بھی کھلی کچہری میں موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :