چائنا کریک پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں، وفاقی وزیر میر حاصل خان بزنجو

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:43

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کا سیکورٹی عملہ چائنا کریک پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کر رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو چائنا کریک کی موجودہ صورتحال پر کے پی ٹی میں منعقدہ اجلاس میں قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین کو بریفنگ کے دوران کہی۔

چائنا کریک کے حوالے سے قومی اسمبلی میں اٹھائے گئے سوال پر کمیٹی کو بتایا گیا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کا سیکورٹی عملہ چائنا کریک پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے نہ صرف پوری طرح سے تیار ہے بلکہ جدید سازو سامان سے بھی لیس ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ کے پی ٹی میں مسلسل پیٹرولیم کے لئے اسکواڈ تعینات کیا ہے تاکہ متعلقہ جگہ کی مستقل نگرانی کی جا سکے۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ چائنا کریک پر تجاوزات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ گندہ پانی اور دیگر فضلہ سمندر میں ڈالنے کے حوالے سے کی روک تھام کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ نے کمیٹی کو بتایا کہ سمندری آلودگی کے خاتمے کے لئے تمام متعلقہ اداروں بشمول سندھ حکومت کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔

رکن قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ اراکین قومی اسمبلی چوھدری محمد طفیل، ڈاکٹر عارف علوی، میر اعجاز جاکھرانی، رانا محمد حیات خان، مہر اشتیاق احمد، سیما محی الدین جمالی، شاہین شفیق، رومینہ خورشید عالم، پیر محمد اسلم بودلہ، خلیل جارج، میر علی خان مگسی، ملک عامر ڈوگر اور وفاقی وزیر میر حاصل خان بزنجو نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :