ایف آئی اے کا بلیو وہیل طرز کی خطرناک گیم کھیلنے پر حراست میں لئے جانے والے نوجوانوں کیخلاف مقدمہ درج نہ کرنے کا فیصلہ

جرم کا کوئی پہلو سامنے نہیں آیا،اغواء کی ویڈیو دوستوں کا ایڈ ونچر نکلا ، ضرورت پڑنے پر نوجوانوں کے والدین سے حلف نامہ لیا جائیگا‘حکام

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:40

ایف آئی اے کا بلیو وہیل طرز کی خطرناک گیم کھیلنے پر حراست میں لئے جانے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) ایف آئی اے نے بلیو وہیل طرز کی خطرناک گیم کھیلنے پر حراست میں لئے جانے والے نوجوانوں سے ابتدائی تفتیش کے بعد مقدمہ درج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اغواء کی ویڈیو دوستوں کا ایڈ ونچر نکلا ، حکام کے مطابق تحقیقات میں جرم کا پہلو سامنے نہیں آیا تاہم ضرورت پڑنے پر نوجوانوںکے والدین سے حلف نامہ لیا جا ئے گا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے بلیو وہیل طرز پر خطرناک گیم کھیلنے والے جوہر ٹائون کے رہائشی نوجوانوں کا سراغ لگا کر انہیں حراست میں لے لیا تھا جبکہ بچوں کے موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور انٹر نیٹ ڈیوائسز بھی قبضے میں لے کر تحقیقات کی گئیں ۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں جرم کا کوئی عنصر سامنے نہیں آیا اس لئے مقدمہ درج نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ایف آئی اے کے مطابق منہ پر کپڑا بندھے اور ہاتھ پائوں جکڑے نوجوان کی ویڈیو دوستوں کا ایڈ ونچر تھا ۔ایف آئی اے کے مطابق بچوں کے علاوہ ان کے والدین کے بیانات بھی قلمبند کئے گئے ہیں ۔حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش ابھی جاری ہے اورضروری سمجھا گیا تو نوجوانوں کے والدین سے حلف نامہ لیا جائے گا۔