آصف زرداری سے لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کی ملاقات

سابق صدر کی پارٹی رہنمائوں کو انتخابات کی تیاریاں زورو شور سے شروع کرنے کی ہدایت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری میدان میں آچکے ہیں،پیپلزپارٹی جیسے جانثار اور دلیر کارکن کسی اور پارٹی میں نہیں ،یہ ہمارا اثاثہ ہیں،گفتگو

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:40

آصف زرداری سے لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) سابق صدر پاکستان اورپاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہائوس لاہور میں لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سید یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، میاں منظور وٹو، چوہدری منظور، چوہدر اسلام گِل، رانافاروق سعید خان اور رانا شاہجہاں بھٹی اور دیگر شامل ہیں۔

اس موقع پر سابق صدر نے پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز سے ان کے حلقوں کے حالات کے بارے میں دریافت کیا۔ آصف علی زداری نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی کہ وہ انتخابات کی زورو شور سے تیاریاں شروع کریں، یونین کونسل اور پولنگ اسٹیشن تک پارٹی کو منظم کریں اور ابھی سے پولنگ ایجنٹوں کی تربیت کرنا شروع کریں۔

(جاری ہے)

آصف علی زردری نے کا کہ آئندہ انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لینا ہے اور پولنگ کے ختم ہونے تک اپنا کام جاری رکھنا ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری میدان میں آچکے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے نوجوانوں کو نوجوان قیادت دی ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کل بھی طاقت تھی اور آج بھی قوت ہے۔ پیپلزپارٹی جیسے جانثار اور دلیر کارکن کسی اور پارٹی میں نہیں ہیں اور یہ کارکن ہی ہمارا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات آراوز کے انتخابات نہیں ہوں گے اور سب کو پتہ چل جائے گا کہ عوام کی صرف ایک ہی پارٹی پاکستان پیپلزپارٹی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک کے کونے کونے کا دورہ کریں گے اور پارٹی کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے۔اس کے علاوہ سابق صدر آصف علی زرداری سے پیر آف تونسہ شریف خواجہ عطااللہ خان تونسوی نے بھی ملاقات کی جبکہ سوات سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزیر دوست محمد خان اورسوات کے مسلم لیگ(ن) کے روحیل امین نے بھی ملاقات کرکے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی حاجی نواز کھوکھر بھی موجود تھے۔