وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس‘ نیشنل سیونگز کی کارکردگی اور اس سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت جمعرات کو ایک اجلاس میں نیشنل سیونگز کی کارکردگی اور اس سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزارت خزانہ اور نیشنل سیونگز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ نیشنل سیونگز کے ڈائریکٹر جنرل ظفر مسعود نے اجلاس کو پچھلے ایک سال کے دوران نیشنل سیونگز کی کارکردگی کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل سیونگز کی طرف سے مالی معاونت کے فروغ کے اقدامات کو نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔ برطانیہ کے ممتاز سی ایف آئی میگزین نے نیشنل سیونگز کو فنانشل انکلوژن 2017ء کے فروغ کیلئے شاندار کارکردگی پر حال ہی میں ایوارڈ دیا ہے، یہ ایوارڈ پچھلے ایک سال کے دوران نیشنل سیونگز کی طرف سے دوتہائی شاخوں کو آن لائن نظام سے منسلک کرنے اور بینکاری کی صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا اعتراف ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ 40 ہزار روپے کے پریمیئم پرائز بانڈ (رجسٹرڈ) کی کامیابی کے بعد ایک لاکھ روپے کے بانڈز کے اجراء کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ شہداء فیملیز ویلفیئر اکائونٹ اور خصوصی افراد کیلئے بہبود سرٹیفکیٹس کا اجراء کیا جا رہا ہے جبکہ اوورسیز پاکستانیز سیونگز سرٹیفکیٹس اور شرعی قوانین کے مطابق مصنوعات کا اجراء بھی زیر غور ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ صارفین کی سہولت کیلئے ایس ایم ایس سروس، سوشل میڈیا کے ذریعے رسائی اور ادارہ کی ویب سائٹ کی بہتری کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل کے دفتر میں شکایات کے ازالہ کیلئے ایک سیل قائم کیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر شکایات کو نمٹاتا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل سیونگز عوامی فلاحی کی مقبول سکیموں کے ساتھ مالیاتی شعبہ میں ایک مضبوط ادارہ بن کر ابھرا ہے اور اس کے صارفین کی ایک بڑی تعداد ہے جن میں 50 فیصد سے زائد خواتین ہیں۔

آئی ٹی کے نظام کو اپ گریڈ کرنے کے ذریعے ورلڈ بینک کارانداز (ڈی ایف آئی ڈی و بل اینڈ ملنڈا گیٹس فائونڈیشن) نیشنل سیونگز کی بھرپور معاونت کر رہی ہیں۔ نیشنل سیونگز موبائل فون، انٹرنیٹ بینکنگ و اے ٹی ایم کارڈز جیسی متبادل خدمات کی سہولیات کی فراہمی میں پیش پیش ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بہبود سرٹیفکیٹس اور پنشنرز بینیفٹس اکائونٹس کے حوالہ سے ٹیکس کے نظام میں ایک خامی ان کے نوٹس میں آئی ہے، وہ ایف بی آر کو پہلے ہی ہدایت کر چکے ہیں کہ اسے دور کرنے کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔

وزیر خزانہ نے صارفین کی سہولیات کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر نیشنل سیونگز کی کوششوں کو سراہا اور سالانہ بچتوں کا ہدف پورا کرنے پر ادارہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے نیشنل سیونگز کو وسیع تر مالیاتی اقدامات کا مقصد حاصل کرنے کیلئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :