روشن بلوچستان وژن پر عمل در آمد سے صوبہ ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہوگا ، وزیر اعلی بلوچستان

معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہونے سے عام آدمی کی زندگی میں خوشحال آئے گی، حکومت کی شروع دن سے کوشش رہی ہے کہ صوبہ کے تمام اضلاع کو ترقی کے سفر میں ساتھ لے کرچلاجائے تاکہ انفرادی ترقی کی بجائے اجتماعی ترقی کا خواب پورا ہوسکے، وفد سے گفتگو

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:38

روشن بلوچستان وژن پر عمل در آمد سے صوبہ ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ روشن بلوچستان وژن کے تحت صوبہ بھر کے دیہی علاقوںکو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے سے صوبہ ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہوگا اورمعاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہونے سے عام آدمی کی زندگی میں خوشحال آئے گی۔ حکومت کی شروع دن سے کوشش رہی ہے کہ صوبہ کے تمام اضلاع کو ترقی کے سفر میں ساتھ لے کرچلاجائے تاکہ انفرادی ترقی کی بجائے اجتماعی ترقی کا خواب پورا ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل کرخ سے تعلق رکھنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے میر جمعہ خان شکرانی کی قیادت میں ان سے جمعرات کے روز ملاقات کی۔ وفد نے وزیر اعلیٰ کو علاقے میں جاری ترقیاتی اسکیموں کی پیش رفت اور علاقے کے دیگر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا کہ کرخ اور دیگر دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی سے علاقے میں پینے کے پانی کا دیرینہ مسئلہ حل ہونے کے ساتھ ساتھ زراعت میں نمایاں بہتری اور کاشکاری کے پیشے سے وابستہ لوگوں کی زندگی میں خوشحالی آرہی ہے ، وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ موجودہ دور حکومت میںعوام کے زیادہ سے زیادہ مسائل حل ہوں اور لوگوں کو بنیادی سہولیات ان کے گھر کی دہلیز پر میسر ہوں، انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبہ بھربالخصوص دیہی علاقوں کی ترقی پر شروع سے خصوصی توجہ مرکوزکی ہے، دیہی علاقوں میں پینے کا پانی ، صحت کے مراکز ، تعلیمی اداروں کے علاوہ بجلی کی فراہمی پرکثیر فنڈز خرچ کئے جارہے ہیں تاکہ اجتماعی نوعیت کی اسکیموں سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہوں ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت دیگر شعبوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے، اس سلسلے میں کاشتکاروں اور زمینداروں کے لئے بلڈوزر کے ہزاروں گھنٹوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بجلی کی دستیابی کے لئے متعدد اسکیمات پرکام جاری ہے زرعی اراضی کو ہموار کر کے قابل کاشت بنانے سے نہ صرف مقامی لوگوں کی بلکہ صوبہ کی معیشت میں غیر معمولی بہتری اور خوشحالی آئیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترقی کی اس عمل میں ہماری کوشش رہی ہے کہ ترقیاتی عمل میں عوام کی شراکت داری کو یقینی بنایاجائے اور لوگ اس حکومت کو اچھے الفاظ میں یاد رکھیں۔

متعلقہ عنوان :