ملک کے حالات انتہائی خراب ہیں ،سیکولر اور لبرلز کے نام پر چند لوگ نوجوانوں کو گمراہ کرنے میں مصروف ہیں، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری

پاکستان جس مقصد کے لئے حاصل کیا گیانوجوان اس کے حصول کے لئے کردار ادا کریں، 2018 کے انتخابات میں جے یو آئی سندھ سمیت ملک سے کامیابی حاصل کرے گی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:32

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ملک کے حالات انتہائی خراب ہیں اور ملک اس وقت نازک دور سے گذر رہا ہے، امریکہ ہم سے بار بار ڈو مور کا مطالبہ کررہا ہے، سیکولر اور لبرلز کے نام پر چند لوگ نوجوانوں کو گمراہ کرنے میں مصروف ہیں، پاکستان جس مقصد کے لئے حاصل کیا گیا، نوجوان اس کے حصول کے لئے کردار ادا کریں، 2018 کے انتخابات میں جے یو آئی سندھ سمیت ملک سے کامیابی حاصل کرے گی۔

لب مہران پارک سکھر میں جمعیت طلبا اسلام کے زیر اہتمام منعقدہ بزم طلبا کنونشن سے خطاب میں مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں، نظام مصطفی، ختم نبوت تحریک کی کال پر نوجوانوں کو جب بھی پکارا جائے وہ اپنی جان ہتھیلی پر رکھ میدان عمل میں نکل آئیں انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنا ڈو مور کا ڈرامہ بند کرے پاکستانی عوام نے امریکہ کے ڈوبنے مور کے مطالبے پر بڑی قربانیاں دی ہیں لیکن اب امریکہ کا کوئی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا، انہوں کہا کہ کسی بھی نظام کی تبدیلی عورتوں کے ذریعے نہیں آسکتی نظام کی بہتری اور ملک کی مضبوطی کیلئے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے ، کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مولانا امیر زمان نے کہا کہ کامیابی اسلامی نظام کے نفاذ میں ہی ہے، سر سے کفن باندھ کر ملک میں اسلامی نظام لاگو کرائیں گے اور پاکستان کی حفاظت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاست ناکام ہوچکی ہے، ہمیں امریکی امداد کی ضرورت نہیں، گھاس کھاسکتے ہیں لیکن امریکہ کی غلام قبول نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ حکمرانوں کے مظالم کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں، سندھ میں پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی کوئی گنجائش نہیں، آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے سندھ اسمبلی میں پرچم نبوی لہرائیں گے، ظالم اور جابر حکمرانوں کو شکست دے کر سندھ کے مظلوم عوام کو ظالموں سے نجات دلائی جائے گی اور آئندہ وزیر اعلی سندھ جے یو آئی کا ہی ہوگا۔

متعلقہ عنوان :