حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود ،مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ سے کوشاں ہے، نواب ثناء اللہ خان زہری

کسی بھی معاشرے کی ترقی میں میڈیا کا اہم کردار ہے،بلوچستان کے صحافیوں نے مشکل حالات کے باوجود عوام تک سچی اور غیر جانبدار معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا،اُمید ہے آئندہ بھی اسی جوش و جذبے سے کام کر کے عوام تک درست معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے،وزیراعلی بلوچستان کی صحافیوں کے وفد سے گفتگو

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:27

حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود ،مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ سے کوشاں ہے، ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبوداور ان کے مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ سے کوشاں ہے، کسی بھی معاشرے کی ترقی میں میڈیا کا اہم کردار ہے، بلوچستان کے صحافیوں نے مشکل اور نامسائد حالات کے باوجود عوام تک سچی اور غیر جانبدار معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایااور اُمید ہے کہ وہ آئندہ بھی اسی جوش و جذبے سے کام کر کے عوام تک درست معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے خضدارپریس کلب کے صدر عبداللہ شاہوانی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر عبدالرحیم زیارتوال بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد نے ضلع خضدار میں صحافیوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے جلد حل کے لئے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی، وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لئے ٹھوس اور عملی اقدامات کررہی ہے تاکہ صحافی برداری کسی دبائو اور مشکلات کے بغیراپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نہ صرف بلوچستان جرنلسٹ ویلفیئر فنڈ کو دو کروڈ سے بڑھا کر بیس کروڑ روپے کیا بلکہ صحافیوں کے لئے ہائوسنگ اسکیم کا بھی اعلان کیا ہے جس پر جلدعملدرآمد کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان ہمیشہ سے خوشگوار تعلقات رہے ہیںاور حکومت سمجھتی ہے کہ میڈیا کے ساتھ مل کرہم نہ صرف ایک خوشحال معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں بلکہ عوامی مسائل کو مزید مؤثر اور بہتر انداز میں حل کر سکتے ہیں، وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی ترقیاتی پالیسیوں، عوامی فلاح و بہبود اور امن و استحکام کیلئے جاری اقدامات کو بھی بہتر انداز میں عوام کے سامنے لائے تاکہ عوام کومثبت تبدیلی کا احساس ہو۔

وفد نے گزارشات کو تحمل اور ہمدردی سے سننے اوران کی جلد حل کی یقین دہانی پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :