پیپلزپارٹی بلا تفریق اور رنگ نسل و مذہب تمام پاکستانیوں کو برابر سمجھتی ہے،بلاول بھٹو زرداری

یہ پی پی پی کی جدوجہد ہے کہ ہر پاکستانی کو مساوی حقوق حاصل ہیں ،سندھ کابینہ میں غیر مسلم اراکین اسمبلی شامل ہیں جو کسی دوسرے صوبے میں نہیں ہیں،چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:24

پیپلزپارٹی بلا تفریق اور رنگ نسل و مذہب تمام پاکستانیوں کو برابر سمجھتی ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی بلا تفریق اور رنگ نسل و مذہب تمام پاکستانیوں کو برابر سمجھتی ہے اور یہ پی پی پی کی جدوجہد ہے کہ ہر پاکستانی کو مساوی حقوق حاصل ہیں یہی سبب ہے کہ سندھ کابینہ میں غیر مسلم اراکین اسمبلی شامل ہیں جو کہ کسی دوسرے صوبے میں نہیں ہیں اس کے علاوہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی ہمارے اقلیتی برادری کے بھائی پی پی پی کی نمایندگی کر رہے ہیں وہ آج ٹنڈو محمد خان میں ہندو برادری کے تہوار دیوالی کے موقع ان سے یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے ٹنڈو محمد خان میں شو جی مندر میں دیوالی کا کیک کاٹنے کے بعد میڈیا سے باتیں کر رہے تھے میڈیا کے نمایندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی حکومت سندھ نے میرج بل پاس کر کے ایک انقلابی قدم اٹھایا تھا مگر اس بل پر گورنر سندھ نے دستخط نہیں کیے تھے اب ہم یہ بل دوبارہ اسمبلی میں پیش کریں گے ۔

(جاری ہے)

نواز شریف اور مریم نواز پر فرد جرم عائد ہونے کے متعلق سوال کا جواب میں انہوں نے کہا کہ احتساب جمہوریت کا حصہ ہے جس کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت انتہائی خراب اور ایمرجنسی جیسی ہے ۔ پی پی پی اقتدار میں آ کر وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے گی جس سے معیشت مستحکم ہو گی ۔ عمران خان کے سیاسی مستقبل کے متعلق سوال پر انہوں نے کہا عمران خان کا مستقبل بھی اصغر خان جیسا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کیخلاف کام کیا جبکہ پی پی پی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے لیے کام کیا اور قانون سازی بھی کی انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آمر مشرف جو کہ شہید بی بی کے قتل میں بھی ملوث ہے کے ریفرنڈم میں اس کا ساتھ دیا ۔ ہمارا خان صاحب سے ذاتی نہیں مگر نظریاتی اختلاف ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کرپشن کا راگ الاپ رہا ہے جبکہ خیبر پختون خواہ میں ان کے ہی ایم پی ایز اور ایم این ایز بدعنوانی کے پول کھول رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے عمران خان پر اخلاقی اور مالی بدعنوانی کے الزامات لگائے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کو بھارت اور اسرائیل کی جانب سے فنڈنگ والی بات آپ سب جانتے ہیں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی پی پی اور شہید بھٹو کے حقیقی ساتھی آج بھی میرے ساتھ کھڑے ہیں لیکن مفاد پرست لوگ وقت کے ساتھ چھوڑ گئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کا مسئلہ پورے ملک کا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ سندھ میں زیادہ سے زیادہ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم ہوسکے اور اس ضمن میں ٹنڈو محمد خان میں بھی پی پی حکومت نے واٹر فلٹر پلانٹ کی اسکیمیں منظور کرائی ہیں جن پر بہت جلد کام شروع ہو جائے گا ۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی پی پی صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور میں نے آج ٹنڈومحمد خان میں امراض قلب کے نئے تعمیر ہونے والے جدید ہسپتال کا افتتا ح کیا ہے جہاں مریضوں کامفت علاج کیا جائے گا اور اسی طرح لاڑکانہ میں بھی ایسا ہی ہسپتال قائم کیا گیا ہے اور آیندہ بھی حکومت سندھ عوام الناس کو معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کرتی رہے گی ۔

اس موقع پر ٹنڈو محمد خان کے صحافیوں نے بلاول بھٹو زرداری کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے ان کے مسائل کے حل کا یقین دلایا ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ ، صوبائیر امداد پتافی ، ایم این اے نوید قمر ، سینیٹر عاجزدھامرہ ، ایم پی اے ا عجاز شاہ بخاری ، ایم پی اے شرجیل میمن ، گیان چند ایسرانی ، ڈاکٹر کھٹو مل جیون ،لعل چند اکرانیو دیگر بھی موجود تھے ۔قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے ٹنڈو محمد خان میں امراض قلب کے جدید ہسپتال کا افتتاح کیا ۔