تحصیل ناظم ایبٹ آباد کی ہدایات پر تجاوزات سروے مکمل، آپریشن شروع کر دیا گیا

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:21

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) تحصیل ناظم ایبٹ آباد محمد اسحاق ذکریا کی ہدایات پر تجاوزات سروے مکمل ہو گیا، تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا۔ کیہال روڈ پر ٹی ایم اے افسران، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر افتخار تنولی، واسا افسران اور پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی افتخار تنولی، صداقت خان جدون اور عادل عباسی کر رہے تھے۔

رات گئے تک جاری رہنے والے آپریشن میں کیہال روڈ پر موجود 40 سالہ پرانی تجاوزات جو نالوں پر تعمیر کی گئی تھی، مسمار کر دی گئی۔ نالوں کے اوپر پختہ تجاوزات تعمیر ہونے کی وجہ سے آئے روز نالوں کی بندش سے مقامی عوام کو سخت مشکلات کا سامنا تھا۔

(جاری ہے)

عوامی شکایات اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تحصیل ناظم ایبٹ آباد محمد اسحاق ذکریا، نائب ناظم سردار شجاع احمد اور اینکروچمنٹ کمیٹی کے ممبران نے ان تجاوازات کو ہٹانے کا فیصلہ کیا۔

تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ضلعی اور تحصیل انتظامیہ ایک پیج پر نظر آئے۔ واضح رہے کہ تجاوزات کی نشاندہی کیلئے ضلعی اور تحصیل انتظامیہ نے دو ماہ مکمل سروے کر کے تجاوزات مافیا کی نشاندہی کر دی ہے۔ آپریشن کے دوران پہلے فیز میں لنک روڈ دوسرے میں فوارہ چوک اور پھر مین بازار سے پختہ تجاوزات کو ہٹایا جائے گا۔ اس موقع پر تحصیل ناظم ایبٹ آباد محمد اسحاق ذکریا نے بتایا کہ تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا، ازخود تجاوزات ختم کرنے والے افراد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انتظامیہ کا بھی ان کے ساتھ مکمل تعاون رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات آپریشن کے دوران تمام سٹیک ہولڈرز کی رائے کو اہمیت دے رہے ہیں اور انہی کی مشاورت سے یہ عمل مکمل کیا جائے گا اور ایبٹ آباد کے قدرتی حسن کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔ 40 سالہ پختہ تجاوزات کو مسمار کرنے پر عوامی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے تحصیل ناظم ایبٹ آباد محمد اسحاق ذکریا، تحصیل نائب ناظم، ممبران تحصیل کونسل اور ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔