اسلام کیلئے جتنا کام موجودہ حکومت میں ہوا اتنا ایم ایم اے دور میں بھی نہیں ہوا، صوبائی وزیر مذہبی امور

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:21

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر زکوٰة و عشر و مذہبی امور حاجی حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ اسلام کیلئے جتنا کام اس دور حکومت میں ہوا ہے اتنا ایم ایم اے دور میں بھی نہیں ہوا ، خیبر پختونخوا کی واحد حکومت ہے جس نے خیبر پختونخوا کے تمام تعلیمی اداروں میں قرآن مجید کی تعلیم کلاس اول تا پنجم، ناظرہ قرآن مجید اور کلاس ششم سے بارہوں جماعت تک ترجمہ کے ساتھ لازمی قرار دیدیا ہے، ہماری خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے ساتھ مخلوط حکومت ہے لیکن اس کے باوجود جماعت اسلامی نے پورے صوبہ میں بلاتفریق ترقیاتی فنڈز فراہم کئے جہاں جماعت اسلامی کا ممبر ہو یا نہ ہو۔

وہ جمعرات کو پریس کلب ایبٹ آباد میں حلقہ پی کی44 سے نو منتخب جماعت اسلامی کے زونل امیر قاضی محمد ارشد اور مقامی امراء سے حلف اور حلف برادری تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ایبٹ آباد عبدالرزاق عباسی، نو منتخب زونل امیر قاضی محمد ارشد، محمد امجد خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ان کے علاوہ صدر پریس کلب ایبٹ آباد شاہد چوہدری، صدر اے یو جے ایبٹ آباد سردار نوید عالم، تاجر برادری، وکلاء اور جماعت اسلامی کے عہدیداروں اور کارکن بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔

صوبائی وزیر زکوٰة و عشر حاجی حبیب الرحمٰن نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں ہم نے نوجوانوں کو آگے لانا ہے اور ان کی کامیابی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے، آج سے بھرپور مہم شروع کر دی ہے، ہزارہ ڈویژن میں جما عت اسلامی کو مضبوط بنانے کیلئے دن رات محنت کرنی ہے اور اپنی محنت سے ہزارہ ڈویژن کو جماعت اسلامی کا قلعہ بنانا ہے اور 2018ء کے جنرل الیکشن میں جماعت اسلامی کو ایک اکثریتی پارٹی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے خیبر پختونخوا میں سود پر پابندی لگائی، تعلیمی نظام کو بہتر بنایا، صحت، جہیز فنڈز اور علاج معالجہ کے فنڈز کو ڈبل کیا، علاج معالجہ کیلئے ایک لاکھ روپے سے 5 لاکھ روپے تک کی گرانٹ ایک ہفتہ میں دینا بھی اس حکومت کا کام ہے، صوبہ سے کرپشن جیسی لعنت کا خاتمہ بھی اس حکومت کا کار نامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عملی طور پر ہم نے اپنے آپ کو اچھا ثابت کرنا ہے، ہم نے ثابت کرنا ہے کہ ہم جماعت اسلامی والے سچے، دیانتدار، امانت دار اور خدمت خلق کرنے والے لوگ ہیں، ہم نے اپنا مشن جاری رکھنا ہے، اسلام کی سربلندی اور اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے اپنی کوششوں کو تیز کرنا ہے، انشاء الله وہ وقت دور نہیں جب ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ نو منتخب لوگوں پر جماعت اسلامی نے ایک بھاری ذمہ داری عائد کی ہے، الله تعالیٰ ان کو یہ ذمہ داری احسن طریقہ سے ادا کرنے کی توفیق عطا کرے۔

متعلقہ عنوان :