وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ترقی پذیر ممالک کی تنظیم ڈی 8 کے سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے استنبول پہنچ گئے

استنبول کے ڈپٹی گورنر مہمت علی الوتاس نے استنبول انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف بھی وزیراعظم کے ہمراہ کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:21

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ترقی پذیر ممالک کی تنظیم ڈی 8 کے سربراہ اجلاس ..
استنبول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ترقی پذیر ممالک کی تنظیم ڈی 8 کے 9ویں سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے جمعرات کو یہاں پہنچ گئے۔ استنبول کے ڈپٹی گورنر مہمت علی الوتاس نے استنبول انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف بھی وزیراعظم کے ہمراہ کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔

معاشی تعاون پر ڈی ایٹ تنظیم کا 9 واں اجلاس ترکی کے شہر استنبول میں ہو رہا ہے۔ اجلاس میں رکن ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت شرکت کر رہے ہیں۔ اسلامی ممالک کی تنظیم ڈی ایٹ میں مصر، ایران، بنگلادیش، انڈونیشیا، ملائشیا، نائیجیریا، ترکی اور پاکستان شامل ہیں۔ 8 ممالک کی مجموعی آبادی ایک ارب سے زیادہ ہے جبکہ ڈی ایٹ ملکوں کی مشترکہ منڈی10 کھرب ڈالر سے زائد ہے۔

(جاری ہے)

تنظیم کے مقاصد میں رکن ممالک کے درمیان معاشی تعاون میں اضافہ اور عوامی زندگیوں میں بہتری بھی شامل ہے۔ ڈی ایٹ کا تنظیمی ڈھانچہ سمٹ، کونسل اور کمیشن پر مبنی ہے۔ سمٹ میں سربراہان مملکت، کونسل میں وزراء خارجہ جبکہ کمیشن میں اعلیٰ حکام اپنے اپنے ملکوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ تنظیم کے چارٹر کے تحت زراعت، فوڈ سیکورٹی، توانائی، معدنیات، صنعتی تعاون، صحت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کا فروغ شامل ہے۔

پاکستان ڈی ایٹ تنظیم کا متحرک رکن ہے۔ تاریخی شہر استنبول میں ہونے والے 9 ویں ڈی ایٹ اجلاس میں سربراہان مملکت و حکومت مستقبل کے لائحہ عمل پر گفتگو کریں گے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی (آج) جمعہ کو 9 ویں ڈی ایٹ سربراہ کانفرنس سے خطاب کے علاوہ توقع ہے کہ ڈی ایٹ کے رکن ممالک کے رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے جو پہلے ہی استنبول میں موجود ہیں، وزراء کی کونسل کے 17 ویں اجلاس میں شرکت کی۔

سربراہ کانفرنس کا موضوع ’’تعاون کے ذریعے مواقع میں اضافہ‘‘ ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ ساتھ نائیجیریا کے صدر محمدو بوہاری، آذربائیجان کے لیڈر الہام علیوف، ایران کے اول نائب صدر اسحاق جہانگیری اور انڈونیشیا کے نائب صدر یوسف کلہ ترکی کی میزبانی میں ہونے والی سربراہ کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔ ڈی ایٹ ممالک کی تنظیم کی مشترکہ جی ڈی پی تین ارب 79 کروڑ ڈالر اور آبادی ایک ارب نفوس سے زائد ہے جو کہ دنیا کی آبادی کا تقریباً 15 فیصد ہے۔