کپڑے کی چادروں کی ملکی برآمدات میں 8.9 فیصد اضافہ

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2017ء) رواں مالی سال 2017-18ء کے پہلے دو ماہ میں جولائی اور اگست کے دوران کپڑے کی چادروں کی ملکی برآمدات میں 8.9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اس دوران 384.321 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی ہیں۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعدادو شمار کے مطابق گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 355.554 ملین ڈالر کی برآمد کی گئی تھیں۔

اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں جولائی اور اگست 2017ء کے دوران 8.9فیصد یعنی 28.767 ملین ڈالر کی زائد برآمدات کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پی بی ایس کے مطابق رواں مالی سال میں کپڑے کی چادروں کی برآمدات میں بالحاظ وزن 3.39 فیصد یعنی 2028 میٹرک ٹن کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی اور اگست 2017ء کے دوران 61 ہزار 840 میٹرک ٹن برآمدات کی گئی ہیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران برآمدات کا حجم 59 ہزار 812 میٹرک ٹن ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی بی ایس کے مطابق اگست 2017ء کے دوران بیڈ ویئر ٹیکسٹائلز کی برآمد میں 15 فیصد یعنی 27.799 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا اور برآمدات کی مالیت 213.878 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ اگست 2016ء کے دوران 186.079 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

متعلقہ عنوان :