تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری سکولوں میں درس و تدریس کے معیار میں نمایاں بہتری ترجیحات ہیں ،اللہ دتہ وڑائچ

سہولیات کی تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سکولوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے ، ڈپٹی کمشنر حافظ آباد

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:12

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد اللہ دتہ وڑائچ نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں عدم دستیاب بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سرکاری سکولوں میں درس و تدریس کے معیار میں نمایاں بہتری انکی ترجیحات ہیں اور اس سلسلہ میں تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سکولوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا فرض ہے کہ وہ وسائل کی کمی اور مسائل کی موجودگی کے باوجود پوری جانفشانی اور جذبے کے ساتھ طلباء و طالبات کو زیور تعلیم کے ساتھ آراستہ کرنے کے ساتھ انکی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول قلعہ صاحب سنگھ کے دورہ کے موقع پر اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ڈی او سکینڈری رانا کوثر ،ڈی او ایلیمنٹری روبینہ نسیم ،ڈپٹی ڈی او صدف خانم ،سکول انچارج میڈم آصفہ اور دیگر اساتذہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے سکول میں جاری تدریسی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اس کے معیار اور اساتذہ کی محنت کو سراہا۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سکول میں زیر تعمیر کلاس رومز کو جلد از جلد مکمل کیا جائیگا۔

انہوں نے بلڈنگز ڈپارٹمنٹ کے متعلقہ ایس ڈی او کو بھی ہدایت کی کہ ترقیاتی کام بلا تاخیر مکمل کئے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب امسال حافظ آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں:خادم پنجاب سکول پروگرام:کے تحت 13ارب کی خطیر لاگت سے 6500سے زائد کلاس روم تعمیر کر رہی ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی مخدوش سکولوں کی بحالی کے لیے 4ارب اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے 2ارب کے فنڈز فراہم کر رہی ہے ۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز نے ڈپٹی کمشنرز کو تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالہ سے سکول کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :