پیمرا احکامات کی خلاف ورزی پر بول نیوز کو اظہار وجوہ کا نوٹس

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:11

پیمرا احکامات کی خلاف ورزی پر بول نیوز کو اظہار وجوہ کا نوٹس
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2017ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)نے 6اکتوبر 2017ء کے پیمرا کے فیصلے کی خلاف ورزی پر بول نیوز کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔یاد رہے پیمرا نے چینل کومورخہ27جون 2017ء کو نشر ہونے والے پروگرام "ایسے نہیں چلے گا " میںپاک فوج کے حاضر سروس افسر کا نام لیکر فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے پرناظرین سے معذرت نشر کرنے کو کہا تھالیکن معافی نشر نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

مذکورہ بالا پروگرام میں پاک فوج کے حاضر سروس افسر جو کہ جنگ زدہ علاقہ میں تعینات ہے نام لیکر منفی تبصرہ کیا گیاجو کہ الیکٹرانک میڈیا ضابطہٴ اخلاق 2015ء کی بھی صریحاً خلاف ورزی ہے۔لہٰذا پیمرا نے چینل انتظامیہ کو سات ایام کے اندر یعنی 26اکتوبر 2017ء تک اظہار وجوہ کے نوٹس کے جوابدہی اور اپنا مؤقف واضع کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔مزید برآں بول نیوز کے چیف ایگزیکٹو کو ذاتی شنوائی کے لیے 26اکتوبر 2017ء کو طلب کر لیاہے۔چینل کی جانب سے مقررہ وقت کے اندر جواب داخل نہ کرنے اور ذاتی شنوائی میں پیش نہ ہونے کی صورت میں اتھارٹی یکطرفہ کاروائی عمل میں لائے گی۔

متعلقہ عنوان :