ڈیرہ، ترقیاتی کاموں کا معیار بہتر بنانے کیلئے تمام سرکاری محکمے باہمی روابط پیدا کریں،کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:10

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء) کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ نے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں کا معیار بہتر بنانے اور ان کی رفتار تیز کرنے کے لیے تمام سرکاری محکمے باہمی روابط پیدا کریں تاکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔وہ بروز جمعرات اپنے دفتر میں ڈیرہ ڈویژن میں مختلف محکموں کیطرف سے ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق جائزہ اجلاس )ڈسڑکٹ پرفارمنس مانیٹرنگ فریم ورک) سے خطاب کر رہے تھے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ و ٹانک، سیکرٹری ٹو کمشنر کے علاوہ ضلع ٹانک و ڈیرہ کے قومی تعمیر کے محکموں کے سربراہان و نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔مختلف محکموں کے سربراہان کی طرف سے اجلاس کو پروجیکٹر کی مدد سے گزشتہ ماہ کے دوران ترقیاتی کاموں پر ہونے والی پیش رفت سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

محکمہ خوراک ، مواصلات ، زراعت ، لائیو سٹاک، پبلک ہیلتھ ، بہبود آبادی، ڈرگ، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈیرہ، کلاچی ، درابن ، پروآ، ٹانک، فشریز و محکمہ آبپاشی کے علاوہ ضلع ڈیرہ و ٹانک کے تمام سرکاری محکموں کے افسران نے اجلاس کو علاقے میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے جاری منصوبوں و ترقیاتی کاموں سے آگاہ کیا اور ان میں موجود نقائص و خامیوں سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ ڈی پی ایم ایف کے تحت ڈیرہ ڈویژن میں واقع سرکاری محکمو ں کی طرف سے جاری ترقیاتی سکیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا مقصد ان سکیموں کی بروقت معیاری تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے محکمہ زراعت و لائیو سٹاک کو ہدایت کی کہ اپنی ٹیموں کی مدد سے دور دراز کے علاقوں میں کسانوں اور زمینداروں میں زراعت اور لائیو سٹاک سے متعلق شعور اجاگر کریں تاکہ زراعت کی جدید ٹیکنیک اپنا کر ہم ملکی معیشت میں ممد و معاون ثابت ہو سکیں۔

اسی طرح انہوں نے تمام ٹی ایم اوز کو ہدایات جاری کیں کہ آئندہ ہفتے شروع ہونے والی صفائی مہم کیلئے بھرپور اقدامات کریںشہر کی صفائی ستھرائی ہماری صحت کی ضامن ہے۔ مزید براں انہوں نے ٹی ایم او ٹانک و ڈیرہ کو ہدایات جاری کیں کہ ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر بحال کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ نے تعلیم ، مواصلات، صحت کے محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ تعلیمی ماحول کی بہتری ، صحت ، مواصلات کے شعبوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، آپ اپنے محکموں کی طرف سے سکولوں میں ایڈیشنل کمروں کی تعمیر، بائونڈری وال، ہینڈ پمپس کی تنصیب کے علاوہ سڑکوں کی بہتر تعمیر ومرمت، ہسپتالوں و دیگر رورل ہیلتھ سنٹرز و بیسک ہیلتھ یونٹس میں ادویات و دیگر علا ج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ صحت کے مراکز میں تعمیر و مرمت کے کاموں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔

اسی طرح انہوں نے ڈرگ انسپکٹرز کو میڈیکل سٹورزپر غیر معیاری اور زائد المعیادادویات ہونے کے خلاف فوری کاروائی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے محکمہ کواپریٹیو کے افسران کو ہدایت کی کہ دوردراز علاقوں میں کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے تربیتی عملہ فوری طور پر متعین کیا جائے جو کسانوں کی ترویج و ترقی کیلئے کام کرے۔ کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر ضلع میں ترقیاتی کاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور عوام تک ان کے اثرات سے متعلق آگاہی حاصل کی جا سکے۔

انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں کے معیار اور ان کی بروقت تکمیل پر ہرگز سمجھوتہ نہ کیا جائے، علاوہ ازیں تمام افسران اپنے عملے سمیت دفاتر میں حاضری کو یقینی بنائیں ، صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں، اپنے فرائض منصبی کو دیانت داری سے سرانجام دیں، فرائض کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہونے دیں، غفلت کے مرتکب ہونے اور ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔