ا سسٹنٹ کمشنرشانگلہ نے صفائی ہفتہ مہم کا افتتاح کردیا ،آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا

ہفتہ صفائی منانے کا مقصد عوام میں صفائی کا شعور اجاگر کرنا ، اپنے گلی محلوں کی صفائی کا خیال رکھیں ،شرکاء

جمعرات 19 اکتوبر 2017 22:02

الپوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اکتوبر2017ء)شانگلہ میں19اکتوبر سے 25اکتوبر تک صفائی ہفتہ منانے کا افتتاح، اسسٹنٹ کمشنر شانگلہ طارق محمود ،تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے مصباح اللہ خان ، سرکل پولیس آفیسر امجد علی خان نے ڈسٹرکٹ چوک الپوری میں باقاعدہ مہم کا افتتاح کیا۔آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول الپوری کے طلباء ، اساتذہ ، والدین اساتذہ کونسل کے نمائندوں سمیت سول سوسائیٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

ہفتہ منانے کا مقصد عوام میں صفائی کا شعور اجاگر کرنا ہے کہ عوام اپنے گلی محلوں کی صفائی کا خیال رکھیں اور اپنے بچوں کو بھی یہ ترغیب و تربیت دیں کہ صفائی ہر انسان کیلئے ضروری ہے۔ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر شانگلہ طارق محمود نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے ، ہمارا مذہب بھی ہمیں صفائی کی تلقین کرتا ہے،ہمیں اپنا اردگرد کا ماحول صاف رکھنا ہوگااور اپنے آپ سمیت پورے معاشرے کو صاف ماحول فراہم کرنا اخلاقی اور مذہبی ذمہ داریوں میں شامل ہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرکل پولیس آفیسر الپوری امجد علی خان نے کہا کہ صفائی بدنی ہو یا اردگرد ماحول کا یہ انسان پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں، ہمیں ہر لحاظ سے صفائی کا خیال کرنا ہوگا کیونکہ یہ دینی فریضہ بھی ہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل جی سی ایم ایچ سکول الپوری مرزا علی نے کہا کہ بچوں میں صفائی کے حوالے سے خصوصی طور پر کلاسوں میں مہم چلایا جارہا ہے تا کہ ہماری نئی نسل صفائی کی اہمیت و افادیت سے باخبر ہوکر عملی زندگی میں اس کا مظاہرہ کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے افسر مصباح اللہ خان نے کہا کہ میونسپل ایڈمنسٹریشن صفائی کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریگی ، پورے ضلع میں میونسپل ایڈمنسٹریشن کے اہلکاروں کا سروسز جاری ہیں ، انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ دریائوں اور خوڑوں میں گندگی پھینکنے سے گریز کریں ، دریائوں اور خوڑوں کے پانی میں گندگی ڈالنے سے ماحول پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں جو انسانی جانوں کیلئے انتہائی خطرناک ہے ، عوام میونسپل اہلکاروں کے ساتھ صفائی ستھرائی میں خصوصی تعائون کریں ۔

دیگر مقررین نے کہا کہ صفائی کے بغیر بیماریوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ناممکن ہے ۔ صفائی اگر ایک طرف نصف ایمان کا درجہ رکھتی ہے تو دوسری طرف ماحول کی الودگی تمام زندہ روح مخلوق کے صحت پر بہت بری اثرات مرتب کرتی ہیں۔ صفائی کا عمل باقاعدہ جاری نہ رکھنے کی صورت میں زندگی اجیرن ہوجاتی ہے اور طرح طرح کی بیماریاں جنم لیتی ہیں، جراثیم کو پرورش پانے کیلئے ماحول میسر ہوتی ہے جو کہ بیشمار مہلک بیماریوں کی باعث بنتی ہے۔ صفائی ہفتہ کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے نکالا گیا واک سکول سے شروع ہوکر ڈپٹی کمشنر شانگلہ کے دفتر سے کالج چوک ، مین چوک سے گزرتے ہوئے سکول میں اختتام پذیر ہوئی ۔ جس میں غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔